تہران(نیوز ڈیسک) ایرانی حکومت نے دارالحکومت تہران میں پیر 6 جولائی کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
حکومتی ترجمان فاطمہ مہاجرانی کے مطابق یہ فیصلہ تعزیتی تقریبات میں شرکت کرنے والے لاکھوں سوگواروں کی آمدورفت اور واپسی میں سہولت فراہم کرنے کیلئے کیا گیا۔
حکومتی بیان کے مطابق ملک بھر میں جمعرات کو یومِ سوگ منایا جائے گا، جبکہ 4 جولائی سے 8 جولائی تک تہران، قم اور مشہد میں مختلف تعزیتی اجتماعات، دعائیہ تقریبات اور دیگر مذہبی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ ان تقریبات میں ملک کے مختلف حصوں سے بڑی تعداد میں شہریوں کی شرکت متوقع ہے۔
ایرانی حکومت کا کہنا ہے کہ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین 8 جولائی کو مشہد میں کی جائے گی، جہاں لاکھوں سوگواروں کی آمد کا امکان ہے۔ اسی تناظر میں سیکیورٹی، ٹریفک اور عوامی سہولیات کے انتظامات کو بھی حتمی شکل دی جا رہی ہے تاکہ شرکا کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
حکومتی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے مزید بتایا کہ تعزیتی تقریبات صرف ایران تک محدود نہیں رہیں گی بلکہ عراق کے دارالحکومت بغداد سمیت کاظمین، کربلا اور نجف میں بھی خصوصی مجالس اور دعائیہ اجتماعات منعقد کیے جائیں گے۔ ان تقریبات میں مختلف مذہبی و سماجی شخصیات کے علاوہ بڑی تعداد میں عوام کی شرکت متوقع ہے۔
حکام کے مطابق عام تعطیل کے اعلان کا بنیادی مقصد شہریوں کو محفوظ اور آسان سفر کی سہولت فراہم کرنا، ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنا اور تعزیتی تقریبات کے دوران انتظامی امور کو مؤثر انداز میں چلانا ہے۔ حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں اور سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں
مزید پڑھیں۔ناران: دریائے کنہار میں ٹک ٹاک بنانے کا شوق سیاحوں کو مہنگا پڑ گیا

