ایران نے امریکی ڈرون مار گرایا اور اس کی تصاویر بھی جاری کر دیں۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ واقعہ صوبہ لورستان میں پیش آیا جہاں ایم کیو 9 طرز کا ڈرون تباہ کیا گیا۔
ایرانی میڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ تہران کے نواح میں ہرمس نامی ایک اور ڈرون کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
حکام کے مطابق ملک بھر میں فضائی دفاعی نظام متحرک ہے اور مختلف علاقوں میں امریکی اور اسرائیلی طیاروں اور ڈرونز کو نشانہ بنایا گیا۔
75 سے زائد ڈرون مار گرانے کا دعویٰ
ایرانی فوجی ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے شروع ہونے والی جھڑپوں کے بعد سے اب تک 75 سے زائد ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب نے اصفہان میں اسرائیلی ہیرون ڈرون تباہ کرنے کا بھی دعویٰ کیا۔
ایرانی حکام نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں ان کی جوابی کارروائیاں مزید تیز اور وسیع ہو سکتی ہیں۔
شیراز میں حملے کی اطلاعات
ایرانی میڈیا کے مطابق شہر شیراز میں ہونے والے حملے میں شہری ہلاکتیں ہوئیں۔ بتایا گیا ہے کہ حملہ رہائشی علاقے پر کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق اس حملے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق ہوئے جنہیں ایران نے امریکا اور اسرائیل سے منسوب کیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ رات بھر کی کارروائیوں میں ایران کے 6 بیلسٹک میزائل لانچر تباہ کیے گئے۔ اسرائیلی حکام کے مطابق حالیہ حملوں میں ایران کے 3 جدید دفاعی نظام بھی متاثر ہوئے۔


