ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہولوکاسٹ کے بعد اسرائیل کے لیے سب سے بڑی آفت بن چکے ہیں۔
اردوان نے موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے اندر حالات اس قدر خراب ہو چکے ہیں کہ شہریوں کو راتیں پناہ گاہوں میں گزارنا پڑ رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے اندر بھی بعض حلقوں کی جانب سے یہ بات سامنے آ رہی ہے کہ نیتن یاہو کی قیادت ملک کے لیے ایک بڑی مصیبت بن گئی ہے۔
ترک صدر نے کہا کہ ان کی توجہ اس بات پر ہے کہ خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے سے پہلے اسے کم کیا جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر جنگ کو فوری طور پر نہ روکا گیا تو یہ تنازع پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔
رجب طیب اردوان کے مطابق ترکیہ خطے میں امن کے قیام کے لیے سرگرم ہے اور فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ سفارتی کوششوں کے ذریعے کشیدگی کم کرنا اور تنازع کو مزید بڑھنے سے روکنا ضروری ہے۔


