Search
Close this search box.
هفته ,11 جولائی ,2026ء

مون سون بارشوں کی پیشگوئی، معمول سے کم لیکن شدید بارشوں کا امکان

اسلام آباد: مون سون بارشوں کی پیشگوئی کے حوالے سے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور محکمہ موسمیات نے اہم معلومات جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ رواں سال پاکستان میں مون سون کی مجموعی بارشیں معمول سے کم رہ سکتی ہیں، تاہم جب بھی بارش ہوگی اس کی شدت زیادہ ہونے کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کی ماہر موسمیات ڈاکٹر بشریٰ خالد کے مطابق عالمی موسمیاتی نظام ایل نینو (El Niño) اس سال بھی پاکستان کے مون سون سسٹم کو متاثر کر رہا ہے۔ ان کے مطابق جب ایل نینو فعال ہوتا ہے تو پاکستان میں مون سون کی بارشوں کی مقدار میں کمی واقع ہوتی ہے، جبکہ بارش کے سلسلے نسبتاً کمزور رہتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت شمال مشرقی سمت سے داخل ہونے والا مون سون سسٹم مطلوبہ نمی کے بغیر پاکستان پہنچ رہا ہے، جس کی وجہ سے روایتی اور مسلسل بارشوں کے امکانات کم ہو گئے ہیں۔ تاہم بعض مقامات پر مختصر دورانیے میں تیز بارشیں، آندھی اور گرج چمک کے واقعات پیش آ سکتے ہیں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے مون سون کے تیسرے اسپیل کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک میں داخل ہو رہی ہیں۔ 11 اور 12 جولائی کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے، جبکہ سندھ کے بعض اضلاع میں 12 اور 13 جولائی کے دوران بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید بارش، آندھی اور ممکنہ اربن فلڈنگ کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔

یہ بھی پڑھیں