کراچی: میرا سیٹھی طلاق کے موضوع پر برسوں بعد کھل کر سامنے آ گئیں۔ معروف اداکارہ، مصنفہ اور میزبان نے ایک پوڈکاسٹ میں اپنی ازدواجی زندگی کے خاتمے، ذاتی فیصلوں اور ان تجربات سے حاصل ہونے والے اہم اسباق پر تفصیل سے گفتگو کی۔
میرا سیٹھی نے کہا کہ شادی ان کا مکمل ذاتی فیصلہ تھا، جو محبت اور امید کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق وہ اپنے اس فیصلے کی ذمہ داری خود قبول کرتی ہیں اور اس کے لیے کسی اور کو موردِ الزام نہیں ٹھہراتیں۔
اداکارہ نے پاکستانی معاشرے میں طلاق یافتہ خواتین کے بارے میں پائے جانے والے عمومی رویوں پر بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اکثر خواتین کے بارے میں یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ وہ “ایڈجسٹ” نہیں کر سکیں، تاہم انہوں نے ایسی آرا کو اپنی زندگی پر اثر انداز نہیں ہونے دیا۔
میرا سیٹھی طلاق کے بعد اپنی زندگی سے حاصل ہونے والے دو بڑے اسباق بھی بیان کیے۔ ان کے مطابق پہلا سبق یہ ہے کہ انسان کو اپنی اندرونی آواز اور احساسات کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ اکثر لوگ اپنے دل کی بات سننے کے بجائے خود کو قائل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
انہوں نے دوسرا اہم سبق یہ بتایا کہ کسی بھی شخص کو دوسروں کو خوش کرنے کے لیے اپنی شخصیت تبدیل نہیں کرنی چاہیے۔ ان کے مطابق چاہے تعلق ازدواجی ہو، دوستی ہو یا پیشہ ورانہ زندگی، اپنی اصل شخصیت برقرار رکھنا ہی بہتر راستہ ہے۔
میرا سیٹھی نے کہا کہ وہ اپنی شادی کے اختتام کو ناکامی نہیں سمجھتیں بلکہ اسے اپنی شخصیت کی پختگی اور خود کو بہتر انداز میں سمجھنے کا ایک اہم مرحلہ تصور کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت گزرنے کے ساتھ وہ اس تجربے سے آگے بڑھ چکی ہیں اور آج خود کو پہلے سے زیادہ مضبوط محسوس کرتی ہیں۔
گفتگو کے دوران انہوں نے اپنے بچپن، والدین کے ساتھ تعلقات، لکھنے کے شوق اور اپنی کتاب “Are You Enjoying?” کا بھی ذکر کیا۔ ان کے مطابق تحریر نے انہیں تنہائی اور زندگی کے مشکل ادوار سے نکلنے میں بہت مدد دی۔
