Search
Close this search box.
هفته ,11 جولائی ,2026ء

آئی ایم ایف اگلے 14 ماہ میں پاکستان کو مزید کتنے ارب ڈالرز قرض دے گا۔۔؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

اسلام آباد: آئی ایم ایف قرض پروگرام کے تحت پاکستان کو آئندہ 14 ماہ کے دوران مزید 3 ارب 60 کروڑ ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔ یہ رقم عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے جاری پروگراموں کے تحت مختلف مراحل میں جاری کی جائے گی۔

دستاویزات کے مطابق پاکستان کے لیے جاری ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلٹی (EFF) اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسیلٹی (RSF) پروگرامز کی مجموعی مالیت 8 ارب 40 کروڑ ڈالر ہے۔ ان پروگراموں کے تحت اب تک پاکستان کو 4 ارب 80 کروڑ ڈالر موصول ہو چکے ہیں، جبکہ باقی 3 ارب 60 کروڑ ڈالر آئندہ 14 ماہ میں جاری کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق دونوں پروگراموں کا اگلا اقتصادی جائزہ ستمبر 2026 میں متوقع ہے، جس کے لیے آئی ایم ایف کا وفد پاکستان کا دورہ بھی کر سکتا ہے۔ اس جائزے میں معاشی اہداف، مالیاتی اصلاحات اور حکومتی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

آئی ایم ایف قرض پروگرام کے تحت حکومت کو مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے، بجٹ خسارہ کم کرنے، ٹیکس وصولیوں میں اضافہ، ٹیکس نظام میں اصلاحات اور توانائی کے شعبے میں بہتری جیسے اقدامات جاری رکھنے ہوں گے۔

اس کے علاوہ پروگرام کی اہم شرائط میں گردشی قرضے میں کمی، سرکاری اداروں کی نجکاری، قرضوں کو پائیدار سطح پر لانا اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر معاشی اقدامات بھی شامل ہیں۔

معاشی ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف کی قسطوں کا اجرا پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم رکھنے اور بیرونی مالی ضروریات پوری کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے، تاہم اس کے ساتھ اصلاحاتی شرائط پر عمل درآمد بھی ضروری ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں