Search
Close this search box.
جمعرات ,11 جون ,2026ء

جرمن کمپنی کا پاکستان میں بڑی فیکٹری لگانے کا اعلان

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) جرمنی کی معروف صنعتی و انجینئرنگ کمپنی نے پاکستان میں بڑی فیکٹری لگانے کا اعلان کر دیا۔

جرمن کمپنی کے ایس بی (KSB) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ سے ملاقات کی۔ جس کے دوران دوطرفہ اقتصادی تعاون، صنعتی شراکت داری اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران جرمن وفد نے اعلان کیا کہ KSB کمپنی پاکستان میں ایک بڑی فیکٹری لگانے جا رہی ہے جو ملک میں جرمنی کی سب سے بڑی براہ راست سرمایہ کاری ثابت ہوگی۔ وفد نے کہا کہ جرمنی کا پاکستان میں سرمایہ کاری کا تجربہ انتہائی مثبت رہا ہے اور کمپنی پاکستان کے صنعتی شعبے میں مزید مواقع تلاش کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان 25 کروڑ آبادی کی ایک بڑی مارکیٹ ہے جہاں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ معاشی و تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے KSB سمیت دیگر بین الاقوامی کمپنیوں کو خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جہاں کمپنیاں 10 سال تک تمام ٹیکسز سے مستثنیٰ ہیں۔

قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان کا اسٹاک ایکسچینج تاریخی سنگِ میل عبور کر چکا ہے اور ملک میں کاروباری ماحول تیزی سے بہتر ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری KSB کیلیے ایک بہترین موقع فراہم کرتی ہے کیونکہ حکومت کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں اور معاشی استحکام نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔

وفد نے حکومت پاکستان کی سرمایہ کاری کے فروغ کیلیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ KSB کمپنی پاکستان کے صنعتی شعبے میں طویل المدتی شراکت داری قائم کرے گی۔

واضح رہے کہ جرمنی میں قائم KSB دنیا کی صفِ اول کی صنعتی کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے جو پمپ، والوز، والوز سسٹمز اور فلُوئیڈ انجینئرنگ سلوشنز تیار کرنے میں مہارت رکھتی ہے۔ کمپنی کی بنیاد 1871ء میں رکھی گئی اور آج یہ 60 سے زائد ممالک میں اپنی موجودگی رکھتی ہے۔
مزیدپڑھیں:روس کا بڑا اعلان،تین ایشیائی ممالک کے شہریوں کو فری ویزا کی سہولت

یہ بھی پڑھیں