Search
Close this search box.
جمعه ,05 جون ,2026ء

پاکستان کا طیارہ سازی کی صنعت میں انٹری کا عندیہ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سینٹر فار ایروسپیس اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز کے صدر ایئر مارشل (ر) جاوید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان مستقبل قریب میں مسافر طیارے بنانے کی صلاحیت حاصل کر لے گا، کیونکہ ملک میں جدید جنگی طیاروں کی تیاری کے لیے پہلے ہی مضبوط اور مؤثر انفراسٹرکچر موجود ہے۔

کمپٹیشن کمیشن کے سینٹر آف ایکسی لینس میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہوا بازی کے شعبے کو فوری طور پر جدید خطوط پر استوار کرنا ناگزیر ہے، تاکہ یہ شعبہ سیاحت، کارگو، ٹیکنالوجی کی ترقی، روزگار کے مواقع اور قومی سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں اپنی مکمل صلاحیت کا مظاہرہ کر سکے۔ سیمینار کا موضوع ’’معاشی ترقی میں ایوی ایشن انڈسٹری کا کردار‘‘ تھا۔

ایئر مارشل (ر) جاوید احمد کا کہنا تھا کہ ایوی ایشن انڈسٹری ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے، بشرطیکہ اس کی ترقی کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے اور پالیسی سطح پر مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

اس موقع پر کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر سدھو نے کہا کہ مختلف شعبوں میں موجود ریگولیٹری فریم ورک پرانا ہو چکا ہے، جسے جدید کاروباری تقاضوں، درپیش مسائل اور عالمی چیلنجز کے مطابق اپ گریڈ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

سیمینار میں سینٹر فار ایروسپیس اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز کے ایڈوائزر ڈاکٹر عثمان ڈبلیو چوہان، کمپٹیشن کمیشن کے ممبران اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔
مزیدپڑھیں:میٹرک کے طلبا کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

یہ بھی پڑھیں