اسلام آباد(اوصاف نیوز)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کیبل آپریٹرز کو انٹرنیٹ سروس کیلیے لائسنس کے اجرا کا اعلان کر دیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے چیئرمین کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن خالد آرائیں سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور اس اہم فیصلے سے آگاہ کیا۔
حفیظ الرحمان نے کہا کہ کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے ساتھ جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کر دیا ہے۔خالد آرائیں نے چیئرمین پی ٹی اے اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کیبل آپریٹرز لائسنس کے حصول کے بعد انٹرنیٹ سہولت دے سکیں گے۔
واضح رہے کہ خالد آرائیں کی قیادت میں کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن نے چند ماہ پہلے یہ تجویز پیش کی تھی، انہوں نے فیصلے کے بعد پی ٹی اے کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔خالد آرائیں کا کہنا تھا کہ صارفین کو اضافی سہولت کی فراہمی سے کیبل آپریٹرز کو مناسب روزگار مل سکے گا۔
پی ٹی اے نے بتایا کہ خواہشمند حضرات اپنی درخواستیں پورٹل پر جمع کروا سکتے ہیں، جن افراد کے پاس پیمرا کا پہلے سے کیبل کا لائسنس ہوگا انہیں فوقیت دی جائے گی۔اتھارٹی کے مطابق کلاس لائسنس 10 سال کی مدت کیلیے جاری کیا جائے گا، کیبل آپریٹرز کو ابتدائی طور پر لائسنس کیلیے پہلی بار فیس 3 لاکھ ادا کرنا ہوگی۔
مزید پڑھیں: آزاد جموں و کشمیر میں ہیلتھ کارڈ سہولت کے آغاز کی ہدایت



