انسانی تاریخ کے اوراق اس حقیقت کی گواہی دیتے ہیں کہ تہذیبوں کا عروج صرف عمارتوں، فتوحات اور معیشتوں سے نہیں جانچا جاتا، بلکہ اس بات سے پرکھا جاتا ہے کہ ایک معاشرہ اپنے انسانوں کے ساتھ کیسا سلوک کرتا ہے۔ یہ حقیقت ایک روشن سچائی کے طور پر ہمارے سامنے آتی ہے کہ انسان نے جب بھی اپنے سفرِ حیات کا آغاز کیا، اس کے دل و دماغ میں بنیادی خواہش یہی تھی کہ اسے آزادی، تحفظ، مساوات اور عزت کے ساتھ جینے کا حق ملے، مگر تہذیبوں کے ارتقاء کے باوجود انسان کا یہ بنیادی حق صدیوں تک پامال ہوتا رہا۔کبھی طاقتور نے کمزور کو غلام بنایا، کبھی بادشاہوں نے رعایا کو محض پیدائشی خدمت گار سمجھا، کبھی نسل، رنگ، زبان اور عقیدے کے نام پر ظلم کو قانون کا لبادہ پہنا دیا گیا اور کبھی جغرافیے نے انسان کو انسان سے جدا کر دیالیکن انسان کی جدوجہد کبھی رکی نہیں۔ اسی جدوجہد کی مسلسل آگہی نے دنیا کو یہ شعور دیا کہ انسان کا حق کسی حکومت کا عطیہ نہیں بلکہ اس کی پیدائشی ملکیت ہے اور یہی سوچ آگے چل کر 1948ء کی اُس تاریخی دستاویز کی بنیاد بنی جسے دنیا یونیورسل ڈیکلریشن آف ہیومن رائٹس کے نام سے جانتی ہے۔ یہ وہ لمحہ تھا جب انسانیت نے پہلی بار عالمی سطح پر اعلان کیا کہ ہر انسان برابر ہے۔اس کی آزادی محترم، اس کی شناخت معتبر، اس کی زبان قابلِ احترام، اس کی رائے قابلِ سماعت اور اس کی زندگی ایسی نعمت ہے جسے کسی طاقت، کسی قانون اور کسی حکومت کو پامال کرنے کا حق حاصل نہیں، مگر بدقسمتی یہ ہے کہ اس تاریخی پیش رفت کے باوجود دنیا آج بھی انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہی ہے۔ فلسطین، کشمیر، شام، عراق اور میانمار کے دکھ آج بھی انسانیت کے ضمیر پر سوال بن کر کھڑے ہیں۔ اسی پس منظر میں ہر سال 10 دسمبر کو دنیا انٹرنیشنل ہیومن رائٹس ڈے مناتی ہے تاکہ انسانوں کو یاد دلایا جا سکے کہ ترقی صرف سڑکوں، عمارتوں اور معاشی اعداد و شمار کا نام نہیں بلکہ وہ عزت ہے جو معاشرہ اپنے کمزور افراد کو دیتا ہے۔انسانی حقوق کے پارلیمانی کمشن نے اس موقع پر اسلام آباد میں ایک نہایت اہم سیمینار کا انعقاد کیا جس میں اراکینِ پارلیمنٹ، قانون دان، سماجی کارکن اور یونیورسٹی کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ اس سیمینار میں خاص طور پر بچوں کے حقوق، جبری مشقت کے خاتمے، اظہارِ رائے کی آزادی اور اقلیتوں کے تحفظ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔اسی طرح University of the Punjab لاہور میں بھی انسانی حقوق کے دن کے حوالے سے ایک بڑا اور منظم سیمینار منعقد ہوا جس میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر، انسانی حقوق کے ماہرین، اساتذہ، صحافیوں اور ہزاروں طلبہ نے شرکت کی۔ اس سیمینار میں نوجوان نسل کو انسانی حقوق کے عالمی تناظر، قومی چیلنجز، آئینی ضمانتوں اور سماجی ذمہ داریوں سے روشناس کرایا گیا، جبکہ کیمپس میں ایک بڑی آگاہی واک بھی نکالی گئی جس کا مقصد یہ پیغام دینا تھا کہ تعلیم یافتہ معاشرہ ہی حقیقی معنوں میں انسانی حقوق کا محافظ بن سکتا ہے۔ اِسی دن (HRCP) نے لاہور اور کراچی دونوں شہروں میں الگ الگ گفتگو، مباحثوں، پینل ڈسکشنز اور مکالماتی نشستوں کا اہتمام کیا جن میں ملک کے موجودہ حالات، عدالتی نظام، شہری آزادیوں، صحافتی حقوق، جبری گمشدگیوں کے مسائل اور اقلیتوں کے مکمل تحفظ پر جامع تجاویز پیش کی گئیں۔Sindh Human Rights Department نے بھی کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں آگاہی ورکشاپس، خواتین کے حقوق سے متعلق نشستیں اور طلبہ کے ساتھ انٹرایکٹو سیشنز کا اہتمام کیاگیا۔ملک کی دیگر جامعات جیسے کراچی یونیورسٹی، قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد، پشاور یونیورسٹی اور بلوچستان یونیورسٹی میں بھی طلبہ نے تقاریر، پوسٹر کمپٹیشنز، ریسرچ پریزنٹیشنز اور آگاہی واکس کے ذریعے انسانی حقوق کی اہمیت پر بھرپور اظہارِ خیال کیا۔ یہ تمام سرگرمیاں اس حقیقت کو مضبوط کرتی ہیں کہ پاکستان کی نوجوان نسل انسانی حقوق کے معاملے پر مزید بیدار اور حساس ہو رہی ہے اور یہی بیداری مستقبل میں انصاف، برابری اور احترامِ انسانیت کی مضبوط بنیاد ثابت ہوگی۔ اس موقع پر حکومتی شخصیات نے بھی انسانی حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے پیغامات جاری کیے جن میں سب سے نمایاں بات یہ تھی کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جو اسلام کی بنیادی تعلیمات پر یقین رکھتا ہے اور اسلام نے 1400 سال پہلے انسانی حقوق کی وہ ضمانتیں فراہم کیں جنہیں آج دنیا قانون کی زبان میں بیان کر رہی ہے۔موجودہ حکومت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ شہری آزادیوں، شفاف انصاف، خواتین کے حقوق، اقلیتوں کے تحفظ اور تعلیم و صحت تک مساوی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے پالیسی سطح پر مزید اقدامات کرے گی۔لیکن اصل سوال یہ ہے کہ اس دن کو یاد رکھنا کیوں ضروری ہے؟ اس کا جواب یہ ہے کہ انسانی حقوق کا دن ہمیں محض تقریبات یا تقاریر کا پیغام نہیں دیتا بلکہ یہ آئینہ دکھاتا ہے کہ ہم بطور قوم کہاں کھڑے ہیں، ہم نے کیا کھویا اور کیا پایا، اور ہمیں کس سمت جانا ہے۔ اگر ہم واقعی چاہیں تو پاکستان ایسا ملک بن سکتا ہے جہاں بچے خوف کے بجائے امید کے ساتھ بڑے ہوں، جہاں عورتیں کمزور نہیں بلکہ بااختیار ہوں، جہاں اقلیتیں خود کو غیر نہیں بلکہ برابر سمجھیں، جہاں نوجوان اپنی شناخت پر فخر کریں، جہاں قانون کمزور کے در پر بھی اتنی ہی شدت سے دستک دے جتنی طاقتور کے دروازے پر دیتا ہے اور جہاں انصاف کی روشنی کسی گلی کے موڑ پر آ کر ختم نہ ہو بلکہ پورے معاشرے کو روشن کرے۔ یہی اصل سبق ہے جو انسانی حقوق کا دن ہمیں دیتا ہے کہ معاشرے عمارتوں سے نہیں بلکہ انسانوں سے بنتے ہیں اور انسان تب مضبوط ہوتا ہے جب اسے عزت، انصاف اور برابری ملتی ہے۔ پاکستان کی روح میں انسانیت، مہمان نوازی، احترام اور غیرت کی جو خوشبو شامل ہے وہ ثابت کرتی ہے کہ یہ قوم ظلم برداشت بھی کرتی ہے، اس پر آواز بھی اٹھاتی ہے اور دکھوں کے باوجود جینے کا حوصلہ نہیں چھوڑتی۔اگر پاکستان نے یہ راستہ اپنایا تو یقین مانیے، یہ ملک صرف ترقی نہیں کرے گا بلکہ دنیا کے نقشے پر ایک باوقار، مضبوط، منصف اور انسان دوست معاشرے کی علامت بن کر ابھرے گا۔