Search
Close this search box.
جمعرات ,25 جون ,2026ء

وہ اخلاق جنہوں نے تاریخ کا رخ موڑ دیا

دنیا میں مختلف شخصیات گزری ہیں اور ہر شخصیت میں کوئی نہ کوئی ایسا پہلو ضرور ہوتا ہے جو ہمیں اپنی طرف متوجہ کرتا ہے، کسی کا علم ہمیں متاثر کرتا ہے، کسی کا اخلاق ہمارے دل میں جگہ بنا لیتا ہے، کسی کی سادگی، کسی کی شجاعت، کسی کی گفتار اور کسی کی کردار سازی ہمیں بھاتی ہے، مگر تاریخ انسانی کا غیر جانبدار مطالعہ یہ بتاتا ہے کہ افراد ہوں یا اقوام، ان کے عروج و زوال کا دار و مدار صرف وسائل کی کثرت، عسکری طاقت، سائنسی ترقی یا معاشی خوشحالی پر نہیں ہوتا بلکہ اصل بنیاد اخلاقی اقدار پر استوار ہوتی ہے، وہ اخلاق جو فرد کے باطن سے پھوٹتے ہیں اور پورے معاشرے میں نظم و ضبط، اعتماد، تحمل، عدل اور احترام کو جنم دیتے ہیں۔ جب کسی قوم میں اخلاق مضبوط ہوں تو کم وسائل، محدود مواقع اور نامساعد حالات کے باوجود وہ قوم استقامت کے ساتھ آگے بڑھتی ہے۔ اس کے افراد ایک دوسرے پر بھروسہ کرتے ہیں۔ اجتماعی مفاد کو ذاتی فائدے پر ترجیح دیتے ہیں اور مشکل گھڑی میں بکھرنے کے بجائے مزید جڑ جاتے ہیں۔ اس کے برعکس جب اخلاق کمزور پڑ جائیں تو دولت کی فراوانی، جدید ٹیکنالوجی، بلند و بالا عمارتیں اور ظاہری ترقی بھی اندرونی کھوکھلے پن کو چھپا نہیں سکتیں۔ایسے معاشرے بظاہر مضبوط دکھائی دیتے ہیں مگر اندر سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوتے ہیں۔ یہی وہ اصول ہے جسے اگر تاریخ کے آئینے میں دیکھا جائے تو ہمیں سیرتِ النبی ﷺ کی صورت میں اخلاقی اقدار کا وہ کامل اور زندہ نمونہ نظر آتا ہے جس نے نہ صرف ایک فرد کی بلکہ ایک پوری تہذیب کی تقدیر بدل دی۔ رسولِ اکرم ﷺ کی بعثت ایسے معاشرے میں ہوئی جہاں طاقتور کمزور کو کچلتا تھا، جھوٹ، فریب، قبائلی تعصب، ظلم اور اخلاقی انحطاط عام تھا مگر آپ ﷺ نے کسی فوجی لشکر یا معاشی انقلاب سے نہیں بلکہ اخلاقی تربیت سے اس معاشرے کو بدلنا شروع کیا۔ آپ ﷺ کی سیرت کا سب سے نمایاں پہلو یہی ہے کہ آپﷺ نے انسان کے ضمیر کو جگایا، اس کے دل میں سچائی، امانت، عدل اور رحم کے چراغ روشن کیے، مکہ کے تنگ و تاریک حالات میں جب آپﷺ کو جھٹلایا گیا، ستایا گیا، آپ ﷺ کے راستے میں کانٹے بچھائے گئے، گالیاں دی گئیں، مگر اس سب کے باوجود آپ ﷺ کے اخلاق میں تلخی نہ آئی۔ انتقام کا جذبہ پروان نہ چڑھا بلکہ صبر اور برداشت نے آپ ﷺ کی شخصیت کو مزید نکھار دیا۔ یہی وہ اخلاقی قوت تھی جس نے دشمنوں کو بھی سوچنے پر مجبور کیا کہ یہ شخص جھوٹا نہیں ہو سکتا، کیونکہ جو شخص دشمنوں کے ساتھ بھی انصاف کرے، جو دشمن کی امانت بھی اپنے پاس محفوظ رکھے، جو کمزور کے حق میں طاقتور کے سامنے کھڑا ہو، وہ صرف ایک نبی ہی ہو سکتا ہے۔ مدینہ منورہ میں آپ ﷺ نے ایک ایسی ریاست کی بنیاد رکھی جو اخلاقی اقدار پر قائم تھی، جہاں قانون سب کے لیے برابر تھا، جہاں حاکم خود قانون کے سامنے جواب دہ تھا، جہاں غیر مسلموں کے حقوق کا بھی تحفظ کیا گیا، جہاں خواتین کو عزت دی گئی، غلاموں کو آزادی اور وقار ملا اور جہاں معیشت کا نظام دیانت اور شفافیت پر قائم تھا۔ یہ سب کسی جدید آئین یا پیچیدہ قانون سازی کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ سیرتِ نبوی ﷺ سے پھوٹنے والی اخلاقی تعلیمات کا ثمر تھا۔
آپ ﷺ کی پوری زندگی مسلمانوں کے لئے ایک عملی نمونہ پیش کرتی ہے۔ آپﷺ کا گھریلو کردار ہو یا معاشرتی رویہ، تجارتی معاملات ہوں یا عدالتی فیصلے، جنگ ہو یا صلح کا موقع، ہر جگہ اخلاقیات کا پہلو نمایاں نظر آتا ہے۔ فتح مکہ کے موقع پر جب وہی لوگ آپ ﷺ کے سامنے بے بس کھڑے تھے جنہوں نے آپ ﷺ کو ستایا تھا، اگر اس وقت انتقام لیا جاتا تو تاریخ شاید آپ ﷺ کو ایک فاتح کے طور پر یاد رکھتی، مگر آپ ﷺ نے معافی دے کر یہ ثابت کر دیا کہ اصل فتح دلوں کو جیتنا ہے۔یہی وہ اخلاقی اصول ہے جس کی آج کی دنیا کو سب سے زیادہ ضرورت ہے، آج ہم ترقی کے نام پر ٹیکنالوجی کی دوڑ میں شامل ہیں، اسلحے کے انبار لگا رہے ہیں، معاشی طاقت کو سب کچھ سمجھ بیٹھے ہیں مگر معاشرتی بے چینی، عدم برداشت، نفرت اور انتشار روز بروز بڑھتا جا رہا ہے، اس کی بنیادی وجہ یہی ہے کہ ہم نے اخلاق کو ذاتی معاملہ سمجھ کر پسِ پشت ڈال دیا ہے، حالانکہ سیرتِ النبی ﷺ ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ اخلاق صرف ایک فرد تک محدودنہیں بلکہ اجتماعی فلاح کی بنیاد ہے۔ ایک تاجر اگر دیانت دار ہو تو معیشت مضبوط ہوتی ہے، ایک حاکم اگر عادل ہو تو ریاست مستحکم ہوتی ہے، ایک استاد اگر مخلص ہو تو نسلیں سنورتی ہیں اور ایک شہری اگر بااخلاق ہو تو پورا معاشرہ امن کا گہوارہ بن جاتا ہے۔ رسولِ اکرمﷺ نے اپنے عمل سے یہ ثابت کیا کہ اخلاق کوئی کمزوری نہیں بلکہ سب سے بڑی طاقت ہے، یہی اخلاق تھے جنہوں نے چند سالوں میں ایک منتشر قوم کو متحد کر دیا۔ جنہوں نے اندھیروں میں ڈوبی انسانیت کو روشنی دکھائی اور دنیا کو یہ پیغام دیا کہ حقیقی ترقی دلوں کی اصلاح سے شروع ہوتی ہے۔آج اگر ہم سیرتِ النبی ﷺ کو محض نعتوں، تقاریر یا رسمی محبت تک محدود کر دیں اور اس کے اخلاقی پیغام کو اپنی عملی زندگی سے نکال دیں تو ہم روحِ سیرت سے دور ہو جائیں گے۔ اصل ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے رویوں، معاملات، گفتگو اور فیصلوں میں نبی کریمﷺ کے اخلاق کو شامل کریں، سچائی کو نقصان کے خوف کے باوجود اپنائیں، عدل کو مفاد پر ترجیح دیں، برداشت کو غصے پر غالب رکھیں اور رحم کو طاقت کی علامت سمجھیں، کیونکہ یہی وہ اخلاقی اقدار ہیں جو فرد کو بھی مضبوط بناتی ہیں اور قوم کو بھی، سیرتِ النبی ﷺ دراصل ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ دنیا کی اصل کامیابی ظاہری غلبے میں نہیں بلکہ اخلاقی بلندی میں ہے اور جب کوئی قوم اس بلندی کو حاصل کر لیتی ہے تو تاریخ خود اس کے قدموں میں آ کر سر جھکا دیتی ہے۔
وہ خُلق کہ جس نے سنواری بشر کی تقدیر
وہ مصطفی ﷺ کا اخلاق، سراپا نور و ضمیر
نہ تیغ سے فتح ہوئی، نہ زر سے بنی تصویر
اخلاق نے بدلی دنیا، یہ ہے سچ کی تفسی

یہ بھی پڑھیں