تاریخ کے اوراق میں قوموں کی ترقی کا سفر ہمیشہ مشکل مراحل، آزمائشوں اور مسلسل محنت سے عبارت رہا ہے۔ دنیا کی وہی اقوام آگے بڑھیں جنہوں نے مشکلات کو منزل کی راہ میں رکاوٹ بنانے کے بجائے اصلاحات، استحکام اور مسلسل جدوجہد کے ذریعے مواقعوں میں تبدیل کیا۔ پاکستان کی معاشی تاریخ بھی ایسے ہی نشیب و فراز سے گزری ہے جہاں کبھی عالمی حالات، کبھی اندرونی چیلنجز اور کبھی مالی دباؤ نے معیشت کو متاثر کیا، لیکن ہر دور میں بحالی کی امید اور آگے بڑھنے کی صلاحیت موجود رہی۔ آج جب معیشت کے مختلف اشاریوں کو دیکھا جاتا ہے تو اعداد و شمار ایک ایسی تصویر پیش کرتے ہیں جس میں استحکام، بحالی اور ترقی کی جانب پیش رفت کے نمایاں آثار نظر آتے ہیں۔ معیشت کے سفر کو صرف جذبات یا دعوؤں سے نہیں بلکہ ٹھوس حقائق، اعداد و شمار اور کارکردگی کے پیمانوں سے پرکھا جاتا ہے اور یہی اشاریے کسی بھی ملک کی معاشی سمت کا تعین کرتے ہیں۔حالیہ معاشی اشاریوں میں سب سے نمایاں پہلو مجموعی قومی پیداوار یعنی جی ڈی پی کی شرح نمو ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق حقیقی جی ڈی پی گروتھ 3.70 فیصد تک پہنچی، جبکہ گزشتہ برسوں میں یہ شرح کمزور رہی تھی۔ ایک وقت ایسا بھی آیا جب معاشی سرگرمیوں میں کمی، مہنگائی کے دباؤ اور عالمی حالات کے باعث ترقی کی رفتار متاثر ہوئی، مگر اب مختلف شعبوں میں بحالی کے آثار نظر آ رہے ہیں۔ زراعت، صنعت اور خدمات کے شعبے معیشت کے تین بڑے ستون ہیں اور ان میں بہتری مجموعی ترقی کی بنیاد بنتی ہے۔ جی ڈی پی میں اضافہ صرف ایک عدد نہیں بلکہ اس بات کی علامت ہوتا ہے کہ پیداوار، کاروباری سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع میں بہتری آ رہی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کی معیشت کا حجم 452.1 ارب ڈالر تک پہنچا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 11 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ گزشتہ برسوں میں جب مہنگائی 20 فیصد سے زائد سطح پر تھی، اب یہ کم ہو کر تقریباً 6 سے 7 فیصد کے درمیان آئی ہے۔فی کس آمدنی میں اضافہ بھی ترقی کا ایک اہم پیمانہ ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق فی کس آمدنی 1901 ڈالر تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 9 فیصد اضافہ ہے۔ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی اور یہ 17 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے۔ گزشتہ برسوں میں کم ذخائر کی وجہ سے درآمدات، بیرونی ادائیگیوں اور مالی استحکام پر دباؤ رہا، لیکن ذخائر میں اضافہ معیشت کے لیے ایک حفاظتی حصار فراہم کرتا ہے۔زراعت پاکستان کی معیشت کا بنیادی ستون ہے اور لاکھوں خاندانوں کا روزگار اس شعبے سے وابستہ ہے اور اس شعبے میں ترقی کی شرح تقریباً 2.89 فیصد رہی۔ سیلاب، موسمی تبدیلیوں اور دیگر مشکلات کے باوجود زرعی شعبے کا تسلسل برقرار رہنا اہم کامیابی ہے۔ زرعی پیداوار میں بہتری نہ صرف غذائی تحفظ کے لیے ضروری ہے بلکہ دیہی معیشت، کسانوں کی آمدنی اور صنعتوں کے خام مال کے لیے بھی بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔صنعتی شعبے میں بحالی بھی معاشی بہتری کا اہم پہلو ہے۔ بڑی صنعتیں روزگار، برآمدات اور ملکی پیداوار میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، اس لیے اس شعبے کی مضبوطی معیشت کے لیے مثبت اشارہ ہے۔سماجی خدمات کا شعبہ جدید معیشتوں میں سب سے بڑا حصہ رکھتا ہے۔ بینکنگ، ٹیکنالوجی، مواصلات، تجارت اور دیگر شعبوں میں توسیع معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیتی ہے۔ آج کی دنیا میں صرف صنعتی پیداوار ہی نہیں بلکہ ڈیجیٹل معیشت اور خدماتی شعبے بھی ترقی کے بڑے محرک بن چکے ہیں۔مالیاتی نظم و ضبط کسی بھی ملک کی معاشی مضبوطی کے لیے ضروری ہے۔ مالی خسارے میں کمی اور بنیادی سرپلس کا حصول اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ حکومتی مالی معاملات میں بہتری آ رہی ہے۔ جب حکومت اپنے اخراجات اور آمدنی میں توازن پیدا کرتی ہے تو قرضوں کے دباؤ میں کمی آتی ہے اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے بہتر مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمیشہ ملکی معیشت کا مضبوط سہارا رہے ہیں۔ ترسیلات زر یعنی ریمیٹنسز میں اضافہ اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ بیرون ملک پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ترسیلات زر 33 ارب ڈالر سے زائد رہیں۔ یہ رقم نہ صرف زرمبادلہ میں اضافہ کرتی ہے بلکہ لاکھوں خاندانوں کی ضروریات پوری کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔ٹیکنالوجی اور آئی ٹی کے شعبے میں ترقی پاکستان کے لیے ایک نئے معاشی باب کی نمائندگی کرتی ہے۔ آئی ٹی برآمدات میں اضافہ، فری لانسرز کی آمدنی اور ڈیجیٹل خدمات کی توسیع ظاہر کرتی ہے کہ نوجوان نسل عالمی معیشت میں اپنا کردار بڑھا رہی ہے۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ جیسے اقدامات نے بیرون ملک پاکستانیوں کو ملک کے مالیاتی نظام سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ قرضوں کے مقابلے میں معیشت کا حجم یعنی قرض تا جی ڈی پی تناسب بھی اہمیت رکھتا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق اس تناسب میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔ نجی شعبے کے قرضوں میں اضافہ اس بات کی علامت ہے کہ کاروباری سرگرمیاں دوبارہ بڑھ رہی ہیں۔ جب صنعتکار، تاجر اور سرمایہ کار مالی اداروں سے قرض لے کر کاروبار کو وسعت دیتے ہیں تو اس کے نتیجے میں پیداوار، روزگار اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ کارپوریٹ سیکٹر میں نئے آئی پی اوز یعنی کمپنیوں کی اسٹاک مارکیٹ میں شمولیت میں اضافہ بھی کاروباری اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔کمپنیوں کی رجسٹریشن میں اضافہ بھی کاروباری ماحول میں بہتری کی علامت ہے۔ نئے کاروبارکا قیام، دستاویزی معیشت کا فروغ اور رسمی شعبے کی توسیع معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے۔ زیادہ کاروبار کا مطلب زیادہ مواقع اور زیادہ معاشی سرگرمی ہے۔کم آمدنی والے طبقوں کے لیے سماجی تحفظ کے پروگرام بھی معاشی ترقی کا اہم حصہ ہیں۔ بی آئی ایس پی جیسے پروگراموں کے لیے مختص بجٹ میں اضافہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کمزور طبقات کے تحفظ کو اہمیت دی جا رہی ہے۔ مالی سہولیات تک رسائی کے لیے مختلف اقدامات، نوجوانوں، کسانوں اور کاروباری افراد کے لیے قرض پروگرام اور دیگر منصوبے معاشی شمولیت بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ جب زیادہ لوگ مالی نظام کا حصہ بنتے ہیں تو معیشت کا دائرہ وسیع ہوتا ہے۔پاکستان کی معاشی کہانی صرف موجودہ اعداد و شمار تک محدود نہیں بلکہ ایک طویل سفر کا حصہ ہے۔ ترقی کا اصل مقصد ایک ایسی معیشت کی تعمیر ہے جہاں سرمایہ کاری بڑھے، روزگار کے مواقع پیدا ہوں، برآمدات میں اضافہ ہو اور عوام کو بہتر معیار زندگی میسر آئے۔ حالیہ معاشی اشاریے یہ ظاہر کرتے ہیں کہ بحالی کا عمل جاری ہے، لیکن کامیابی کے لیے مسلسل اصلاحات، پالیسیوں کا تسلسل اور اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔اعداد و شمار خاموش زبان رکھتے ہیں لیکن وہ حقیقت بیان کرتے ہیں۔اصل امتحان یہ ہے کہ اس رفتار کو کیسے برقرار رکھا جائے اور ترقی کے فوائد کو معاشرے کے ہر طبقے تک کیسے پہنچایا جائے۔ قوموں کی ترقی ایک دن میں نہیں ہوتی، بلکہ مسلسل فیصلوں، محنت، اعتماد اور درست سمت کے انتخاب سے ممکن بنتی ہے۔ پاکستان کے لیے بھی یہی راستہ ہے کہ استحکام کو ترقی میں، اور ترقی کو خوشحالی میں تبدیل کیا جائے۔