غازی پور (نیوز ڈیسک)اکثر شادیوں میں معروف سیاستدانوں، افسران یا مشہور شخصیات کو بطور مہمانِ خصوصی مدعو کیا جاتا ہے، مگر اتر پردیش کے ضلع غازی پور سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان نے روایت سے ہٹ کر ایسا قدم اٹھایا جس نے سب کے دل جیت لیے۔
سدھارتھ سیوارتھ نامی نوجوان نے اپنی چھوٹی بہن کی شادی میں کسی بااثر شخصیت کو نہیں بلکہ شہر بھر کے بھکاریوں کو بطور مہمانِ خصوصی مدعو کیا۔ انہوں نے نہ صرف انہیں شادی میں بلایا بلکہ پورے احترام کے ساتھ ان کا استقبال کیا اور دیگر مہمانوں کی طرح بہترین کھانا پیش کیا۔
شادی میں شریک کئی بھکاریوں کے لیے یہ پہلا موقع تھا کہ انہیں کسی تقریب میں اس قدر عزت اور وقار کے ساتھ بٹھایا گیا۔ تقریب کے دوران وہ خوشی سے جھومتے اور گاتے دکھائی دیے، جس کے مناظر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے۔
وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھکاری اسٹیج پر ناچتے ہوئے خوشی کا اظہار کر رہے ہیں، جبکہ سدھارتھ خود تمام مہمانوں کا استقبال اور بعد ازاں عزت کے ساتھ رخصت کرتے نظر آتے ہیں۔ ویڈیو میں یہ بھی سامنے آیا کہ سدھارتھ نے شادی سے کئی دن قبل خود مختلف علاقوں کا دورہ کر کے بھکاریوں کو ذاتی طور پر دعوت دی تھی۔
سدھارتھ سیوارتھ کا کہنا ہے کہ ضرورت مند افراد کو عزت دینا ہی اصل انسانیت ہے۔ ان کے مطابق، ایسے لوگوں کو خوشیوں میں شامل کرنے سے جو سکون ملتا ہے، وہ الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ یہی عمل حقیقی خوشی اور امن کی بنیاد بنتا ہے۔
یہ اقدام سوشل میڈیا پر خوب سراہا جا رہا ہے۔ صارفین نے اسے انسانیت، ہمدردی اور سماجی شعور کی بہترین مثال قرار دیا۔ کئی افراد نے لکھا کہ اس ویڈیو نے ان کا دن بنا دیا اور ایسے اقدامات معاشرے میں مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں۔
مزیدپڑھیں:سردی نے 17 سالہ ریکارڈ توڑ دیا،شہری کانپ اُٹھے
