اسلام آباد (اوصاف نیوز) حکومت نے ملک بھر میں جعلی عاملوں، پیروں اور جادو ٹونا کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس سلسلے میں دفعہ 297-اے میں ترمیم کی منظوری دی گئی ہے جس کے تحت جادو ٹونا یا تعویذ گنڈے کے ذریعے عوام کو دھوکا دینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق مجوزہ ترمیم کے بعد ایسے افراد کو سات سال تک قید اور 10 لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جا سکے گا۔
حکومت کا کہنا ہے کہ جعلی روحانی علاج اور جادو ٹونا کے نام پر عوام کو لوٹنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔وزارتِ قانون کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ کئی نام نہاد عامل، پیر اور جعلی بابے سادہ لوح شہریوں کو جادو ٹونے، عملیات اور تعویذ کے نام پر مالی نقصان پہنچا رہے ہیں۔
نئی ترمیم کے بعد اس عمل کو قابلِ سزا جرم قرار دے دیا گیا ہے۔حکومت کا کہنا ہے کہ عوام کو بھی چاہیے کہ وہ ایسے افراد کے دھوکے میں نہ آئیں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ حکام کو فوری طور پر اطلاع دیں تاکہ قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کو چین کیخلاف ایشین یوتھ گیمزمیں بڑی کامیابی
