مظفرآباد: آزاد کشمیر انتخابات سے قبل سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے جبکہ مختلف جماعتوں کے اندر ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات بھی سامنے آنے لگے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں بعض حلقوں میں امیدواروں کے انتخاب اور پارٹی ٹکٹوں کے اجرا پر تحفظات پیدا ہو گئے ہیں۔
سیاسی ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق سینئر پارلیمنٹرین راجہ یاسین خان، چوہدری اعجاز کھٹانہ اور بریگیڈیئر (ر) محمد خان نے پارٹی پالیسیوں اور ٹکٹوں کی تقسیم پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ رہنماؤں کی جانب سے سیاسی مستقبل کے حوالے سے مختلف آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق حلقہ شرقی باغ سے مسلم لیگ (ن) کا ٹکٹ نہ ملنے پر چوہدری اعجاز کھٹانہ ناراض ہیں اور وہ نئی سیاسی حکمت عملی مرتب کر رہے ہیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ان کی استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر میں شمولیت کے امکانات پر بھی مشاورت جاری ہے۔
سیاسی حلقوں میں اس وقت اس ملاقات کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے جو چوہدری اعجاز کھٹانہ اور استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر کے جنرل سیکرٹری شعیب صدیقی کے درمیان ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں آئندہ انتخابات اور ممکنہ سیاسی تعاون کے امور زیر بحث آئے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق آزاد کشمیر انتخابات کے قریب آتے ہی سیاسی جماعتوں میں ٹکٹوں کی تقسیم اور انتخابی اتحادوں کے معاملات مزید اہمیت اختیار کر جائیں گے۔ آنے والے دنوں میں مختلف رہنماؤں کے سیاسی فیصلے انتخابی منظرنامے پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔
تاہم مسلم لیگ (ن) یا متعلقہ رہنماؤں کی جانب سے ان اطلاعات پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
