اسلام آباد( اوصاف نیوز)افغان باشندوں سمیت غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو جائیداد کرائے پر دینے والوں کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کو یقینی بنانے کے احکامات دیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے افغان باشندوں سمیت غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی کو جائیداد کرائے پر دینے والوں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق مسلسل چھٹا اجلاس ہوا۔ تمام اضلاع میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کا فیلڈ سروے کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں افغان باشندوں سمیت کسی بھی غیر ملکی کو گھر، دکانیں، فیکٹریاں، ہوٹل اور پیٹرول پمپ وغیرہ کرائے پر دینے کی روزانہ رپورٹ طلب کی گئی ہے۔
غیر قانونی طور پر مقیم افغانوں کی نشاندہی کے لیے مساجد میں اعلانات کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ اجلاس میں پٹواری، نمبردار اور ایس ایچ او کو غیر ملکیوں کو دی گئی جائیدادوں کی رپورٹنگ کی ڈیوٹی سونپی گئی۔
اجلاس میں افغان باشندوں سمیت غیر ملکیوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا جو وزٹ ویزے پر یا غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہوئے اور کام کر رہے ہیں۔
پاکستان میں غیر قانونی طور پر کام کرنے والے افغانوں کو بھی قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اجلاس میں بے نامی اور مشکوک جائیدادوں سے متعلق بھی رپورٹ طلب کی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جو بھی کسی افغان یا غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی کو جائیداد دے گا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ خانیوال میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان کو کرائے پر جائیداد دینے پر 5 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
صوبے کے تمام اضلاع میں افغان شہریوں کے لیے 45 ہولڈنگ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو طورخم بارڈر پر رہائش، خوراک اور ٹرانسپورٹ فراہم کی جا رہی ہے۔
افغانوں کی شناخت کے لیے چہرے کی شناخت کی جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔
بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ پنجاب بھر میں غیر قانونی اسلحے کے خلاف مہم شروع کر دی گئی ہے، عوام نے سی سی ڈی سے رابطہ کیا ہے، انتہا پسند جماعت کے لیے پروپیگنڈہ کرنے والے سوشل میڈیا ایکٹوسٹ بھی قانون کی گرفت میں آ چکے ہیں۔ ضروری کارروائی کے بعد پنجاب بھر میں مدارس کی ڈی سیلنگ شروع کر دی گئی ہے۔
اجلاس میں پنجاب میں مقیم افغان باشندوں کا درست ڈیٹا پیش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ذمہ داروں کو پکڑا جائے، کسی بے گناہ کو متاثر نہیں ہونا چاہیے۔
مزید پڑھیں:ٹی ٹوئنٹی میں بابر اعظم کی بجائے نوجوان کرکٹرز کو موقع دینا چاہیے تھا:عبدالرؤف

