کراچی( اوصاف نیوز)ایف بی آر کے سابق چیئرمین شبر زیدی کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں ایف آئی اے میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی اینٹی کرپشن سرکل نے شبر زیدی کے خلاف بطور چیئرمین ایف بی آر اختیارات کے ناجائز استعمال کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ کیس میں کہا گیا ہے کہ شبر زیدی نے بطور چیئرمین ایف بی آر 16 ارب روپے غیر قانونی طور پر جاری کئے۔
کیس کے متن میں کہا گیا کہ بینکوں اور مختلف کمپنیوں کو 16 ارب روپے جاری کیے گئے، جن کمپنیوں کو رقم جاری کی گئی وہ شبر زیدی کے کلائنٹ تھے۔
شبر زیدی کو 10 مئی 2019 سے 6 جنوری 2020 تک چیئرمین ایف بی آر تعینات کیا گیا۔ متن میں کہا گیا کہ بطور چیئرمین ایف بی آر شبر نے دیگر افسران کے ساتھ مل کر اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا۔
کیس کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ شبرزیدی کی جانب سے کمپنیوں کو غیر مجاز طریقے سے رقم کی واپسی جاری کی گئی۔
سابق چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو شبرزیدی پر لگائے گئے الزامات کے بعد تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی اسسٹنٹ ڈائریکٹر نند لال کریں گے۔
مزید پڑھیں:’کراچی گندہ شہر ہے‘ عفت عمر بھی صبا قمر کے نقش قدم پر چل پڑیں




