اسلام آباد( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعظم شہبازشریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی ہے ۔ ملاقات میں سیاسی امور اور پاک, افغان کشیدگی پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف اور صدر آصف علی زرداری کی ملاقات ایوان صدر میں ہوئی۔ ملاقات میں بلاول بھٹوزرداری، وزیرداخلہ محسن نقوی، راجہ پرویز اشرف، طارق فضل چوہدری، فاروق ایچ نائیک اور شیری رحمان بھی شریک ہوئیں۔اس کے علاوہ وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنااللہ ، وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے بھی شرکت کی جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ویڈیولنک پر ملاقات میں شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے صدرمملکت کو دورۂ سعودی عرب کے حوالے سے اعتماد میں لیا،ملاقات میں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں نئے وزیراعظم آزاد کشمیرکے نام اور حکومت سازی پر بھی بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں وزیراعظم نے حکومتی اور سیاسی معاملات پر صدر کو بریفنگ دی۔ ملاقات میں پاک، افغان کشیدگی پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
مزید پڑھیں : پنجاب میں بڑا ایکشن ، قبضہ مافیا کیخلاف نیا قانون نافذ
