کوئٹہ (اوصاف نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کوئٹہ کی شہری یونین کونسلوں کے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات 28 دسمبر 2025 کو ہوں گے۔
کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی مدت 13 سے 17 نومبر مقرر کی گئی ہے، امیدواروں کی ابتدائی فہرست 18 نومبر کو جاری کی جائے گی، کاغذات کی جانچ پڑتال 19 سے 24 نومبر تک ہوگی اور امیدوار 28 نومبر تک اپیلیں دائر کر سکیں گے، اپیلٹ ٹربیونل 3 دسمبر تک تمام اپیلوں پر فیصلے سنائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق امیدواروں کو انتخابی نشانات 6 دسمبر کو الاٹ کیے جائیں گے، پولنگ 28 دسمبر کو صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک بلاتعطل جاری رہے گی۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے بعد ترقیاتی سکیموں کے نئے اعلانات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ انتخابی نتائج کے اعلان تک سرکاری افسران کے تبادلے بھی روک دیے گئے ہیں۔
بلدیاتی انتخابات کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے جائیں گے۔ پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ طور پر پولنگ اسٹیشنز کی نگرانی کریں گے تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رہے اور عوام بلا خوف و خطر اپنے ووٹ کا حق استعمال کر سکیں۔
الیکشن کمیشن نے تمام امیدواروں، سیاسی جماعتوں اور حکومتی اداروں کو انتخابی ضوابط کی مکمل پابندی کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ شفاف، منصفانہ اور پرامن انتخابات کو یقینی بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں:اس سال 9 نومبر کو عام تعطیل ہوگی یا نہیں ؟ جانئے
