واشنگٹن (ویب ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ کے دوران میں نے سنا کچھ اخبارات میں آیا کہ 7 یا 8 طیارے گرائے گئے۔میامی میں بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ایک اخبار نے لکھا کہ 7 طیارے گرائے گئے، ایک کو نقصان پہنچا، کسی اخبار کا نام نہیں لوں گا، زیادہ تر جھوٹی خبریں دیتے ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ مگر حقیقت میں پاک بھارت جنگ کے دوران 8 طیارے گرائے گئے، دونوں ایٹمی ممالک کی جنگ ٹیرف کی مدد سے روکی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دیکھتے ہیں ظہران ممدانی نیویارک میں کیسا کام کرتے ہیں، ہم ان کی تھوڑی مدد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نیویارک کے لوگوں نے بائیں بازو کے ظہران ممدانی کو میئر منتخب کر کے امریکا کی ’خودمختاری‘ کھو دی ہے۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایک کمیونسٹ امریکا کے سب سے بڑے شہر کا میئر بن گیا ہے، دیکھتے ہیں وہ کیسے اقدامات کرتے ہیں، ہم چاہتے ہیں نیویارک کامیاب ہو۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکا نے بدھ کی صبح بین البراعظمی بیلسٹک میزائل ‘منٹ مین تھری’ کا کامیاب تجربہ کیا۔
امریکی ائیر فورس گلوبل اسٹرائیک کمانڈ کے مطابق یہ میزائل کیلیفورنیا کے وینڈن برگ اسپیس فورس بیس سے فائر کیا گیا اور تجربہ مکمل طور پر کامیاب رہا۔
امریکی حکام کے مطابق منٹ مین تھری نے تقریباً 4،200 میل کا فاصلہ طے کیا اور مارشل جزائر میں واقع رونالڈ ریگن بیلسٹک میزائل ڈیفنس ٹیسٹ سائٹ پر کامیابی سے نشانے پر پہنچا۔
یہ تجربہ، جسے 54 (GT 254) کا نام دیا گیا ہے، امریکا کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل نظام کی تیاری اور درستگی کو جانچنے کے لیے کیے جانے والے معمول کے سلسلے کا حصہ تھا۔
یہ میزائل غیر مسلح تھا اور اس میں ٹیسٹ ری انٹری وہیکل نصب تھا تاکہ پرواز کے دوران مختلف ڈیٹا اکٹھا کیا جا سکے۔
امریکی میڈیا کے مطابق منٹ مین تھری میزائل امریکا کے جوہری دفاعی نظام کا ایک اہم حصہ ہے، جو صرف اس صورت میں استعمال ہوگا جب امریکا پر کسی دشمن ملک کی جانب سے جوہری حملہ کیا جائے۔
اگرچہ یہ تجربہ کئی ماہ پہلے سے طے شدہ تھا، لیکن اس نے دنیا بھر میں توجہ حاصل کر لی ہے کیونکہ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے فوج کو حکم دیا تھا کہ امریکا کو تین دہائیوں بعد جوہری تجربات دوبارہ شروع کرنے چاہییں۔
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے امریکی فوج کو فوری طور پر جوہری ہتھیاروں کی ٹیسٹنگ کا حکم دیا تھا۔
سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے محکمہ جنگ کو ایٹمی ہتھیاروں کی ٹیسٹنگ کا حکم دے دیا ہے اور یہ عمل فوری طور پر شروع کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: چار ملین اے ایم آئی میٹرز بغیر منظوری نصب کرنے کا انکشاف!


