پشاور (اوصاف نیوز) خیبرپختونخوا کابینہ نے شہداء پالیسی کے تحت بیواؤں اور بچوں کی بھرتی کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اہم امور کی منظوری دی گئی۔
صوبائی کابینہ نے شہداء کی بیواؤں اور بچوں کو شہداء پالیسی کے تحت بھرتی کرنے کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ لیور ٹرانسپلانٹ کے علاج کے لیے رقم اور گواہوں کے تحفظ کے قوانین کے مسودے کی بھی منظوری دی گئی۔
کے پی کابینہ نے کام کی جگہ پر خواتین کو ہراساں کرنے کی روک تھام کے لیے کمیٹی کے قیام اور شندور پولو فیسٹیول میں جیتنے والی ٹیم کے لیے انعامی رقم کی منظوری دے دی۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ نے اپنی حکومت کی پالیسی گائیڈ لائنز بھی مرتب کیں اور گزشتہ روز امن جرگہ میں شرکت کرنے والی تمام سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن امن ہم سب کا مشترکہ مقصد ہے۔ صوبائی اسمبلی کی تمام قراردادوں پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو سود سے پاک بنانے کے لیے پالیسی بنائی جا رہی ہے کیونکہ ہمارے صوبے کو سود سے پاک بنانا ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا اور کسی کو سرکاری فنڈز ذاتی تشہیر کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تمام حکومتی اقدامات اور اصلاحات منتخب نمائندوں کی مشاورت سے کی جائیں گی۔
مزید پڑھیں:مداحوں کیلئے خوشخبری! لکس ایوارڈز دو سال بعد پھر سے روشن




