لندن (اوصاف نیوز) شام نے 12 سال بعد لندن میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھول دیا جہاں وزیر خارجہ نے عمارت پر پرچم بھی لہرایا۔
شام کے وزیر خارجہ اسد الشیبانی نے لندن میں اپنے سفارت خانے پر شام کا نیا پرچم لہرایا اور واضح کیا کہ برطانیہ کے ساتھ 12 سال بعد منقطع سفارتی تعلقات بحال کیے جا رہے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی نے کہا کہ وزیر خارجہ لندن میں کئی برطانوی حکام سے ملاقات کریں گے اور اس دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
اسد الشیبانی نے رواں ہفتے اپنے دورہ امریکہ کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ صدر احمد الشعراء سے بھی ملاقات کی تھی۔ احمد الشعراء شام کے پہلے صدر بن گئے ہیں جنہیں وائٹ ہاؤس نے دورے کی دعوت دی ہے۔
شام میں گزشتہ سال سابق صدر بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد ابھرنے والی حکومت نے ایک نیا جھنڈا بنایا ہے جس میں سفید، سیاہ اور سبز رنگ میں تین ستارے ہیں جب کہ پرانا شامی پرچم سفید، سیاہ اور سرخ رنگ میں دو ستاروں پر مشتمل تھا۔
وزیر خارجہ اسد الشیبانی نے بھی اپریل میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں متحدہ عرب جمہوریہ کے پرانے پرچم کی جگہ اسے لہرایا تھا۔
شام کے صدر احمد الشعراء دیگر ممالک کے علاوہ امریکہ اور روس کا دورہ کر چکے ہیں اور بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد شام میں ایک نئے دور کی بنیاد رکھ رہے ہیں جس کے ساتھ دنیا بھر میں تعلقات قائم ہو گئے ہیں۔
مزید پڑھیں:دوسرا ون ڈے: بابر اعظم کی ناقابل شکست سنچری، پاکستان کی سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست



