اسلام آباد: بڑھتی ہوئی آبادی کو پاکستان کے لیے سب سے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آبادی میں توازن ہی پائیدار قومی ترقی اور معاشی استحکام کی بنیاد ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ نیشنل پاپولیشن کونسل کا اجلاس جلد از جلد طلب کیا جائے تاکہ بہبود آبادی سے متعلق اقدامات کا مؤثر جائزہ لیا جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں بہبود آبادی سے متعلق ایک اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں آبادی میں اضافے، خاندانی منصوبہ بندی، عوامی آگہی اور وفاق و صوبوں کے درمیان تعاون کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے لیے قومی سطح پر مربوط حکمت عملی اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترقی، معاشی استحکام اور دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال سے ہم آہنگ کیا جانا چاہیے۔
شہباز شریف نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی کہ بہبود آبادی سے متعلق پروگراموں پر عملدرآمد تیز کیا جائے اور اس سلسلے میں صوبائی حکومتوں کے ساتھ روابط اور باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عوام میں شعور اجاگر کیے بغیر آبادی میں توازن کا ہدف حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مؤثر عوامی آگہی مہم، صحت عامہ کے پروگرام اور خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق سہولیات کی فراہمی اس قومی مقصد کے حصول میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ ملک میں آبادی کے بڑھتے ہوئے دباؤ سے نمٹنے کے لیے وفاق اور صوبے مل کر جامع اور دیرپا اقدامات کریں گے تاکہ مستقبل میں وسائل، روزگار، تعلیم اور صحت کے شعبوں پر بڑھنے والے دباؤ کو کم کیا جا سکے۔


