پشاور (اوصاف نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو الیکشن کمیشن کی جانب سے طلب کیے جانے کے معاملے پر ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا ہنگامی اجلاس آج رات ہوگا۔ اجلاس میں پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی قانونی ٹیم سے اہم مشاورت کریں گے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواسہیل آفریدی کی ذاتی حیثیت میں الیکشن کمیشن میں پیش ہونے اور جواب جمع کرانے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ہری پور میں انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران سرکاری ملازمین کو دھمکیاں دی تھیں۔
الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے اشتعال انگیز بیان کا نوٹس لے لیا۔ الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواسہیل آفریدی اور امیدوار شہرناز عمر ایوب کو 21 نومبر کو سمن جاری کرتے ہوئے الیکشن ایکٹ 2017 اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔
ای سی پی نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے حویلیاں جلسے میں انتظامیہ، پولیس اور انتخابی عملے کو دھمکیاں دیں۔ وزیراعلیٰ کے رویے سے این اے 18 ہری پور کا پرامن ضمنی انتخاب متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جس سے ضلعی انتظامیہ، پولیس، انتخابی اہلکاروں اور ووٹرز کی زندگیاں خطرے میں پڑ جائیں گی۔
الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنر کو چیف سیکریٹری اور آئی جی سے ہنگامی اجلاس بلانے کی ہدایت کرتے ہوئے انہیں سیکیورٹی اقدامات سے متعلق رپورٹ فوری طور پر الیکشن کمیشن کو پیش کرنے کا حکم دیا۔
الیکشن کمیشن نے ریلی کے اسٹیج پر مفرور مجرم کی موجودگی پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور وزارت داخلہ کو وفاقی اداروں کے تعاون سے حلقے میں فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ الیکشن کمیشن نے پریزائیڈنگ افسران اور انتخابی سامان کی محفوظ نقل و حرکت کے لیے خصوصی سیکیورٹی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ پرامن انتخابات میں مداخلت کرنے والے کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
مزید پڑھیں :لیکشن کمیشن نے این اے 18 کے ضمنی انتخاب کے لیے فوج طلب کر لی
