لاہور (اوصاف نیوز) لاہور شہر کی اوپن مارکیٹ میں مہنگائی کے بڑھتے ہوئے دباؤ نے سفید پوش طبقے کو شدید پریشان کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بنیادی اشیائے خوردونوش جیسے چاول، چینی، گھی، خوردنی تیل اور معیاری آٹے کی قیمتوں میں گزشتہ چند دنوں میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مارکیٹ میں چاول 380 سے 560 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا ہے۔ معیاری آٹے کا پانچ کلو کا تھیلا 825 روپے میں دستیاب ہے، گھی کی قیمت 560 روپے فی کلو اور معیاری خوردنی تیل 610 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے۔
شہریوں نے قیمتوں میں فوری کمی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عام لوگ آسانی سے اپنی روزمرہ کی ضروریات پوری کر سکیں۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے اور ملکی زرعی پیداوار میں کمی کے باعث ملک میں مہنگائی بڑھ رہی ہے۔
شہریوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ عوام پر معاشی دباؤ کم کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔
سماجی تنظیموں اور شہری حلقوں نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں کمی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، تاکہ عام شہریوں کی زندگیوں میں سہولت اور آسانی بحال ہو سکے۔
واضح رہے کہ مارکیٹ میں مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی نے شہریوں کی روزمرہ ضروریات پوری کرنے میں مشکلات بڑھا دی ہیں، لوگ اب قیمتوں میں کمی کے لیے حکومتی اقدامات کے منتظر ہیں۔
مزید پڑھیں:ڈراما ’کیس نمبر 9‘ کے یوٹیوب ورژن سے 26ویں آئینی ترمیم اور جسٹس منصور علی شاہ کا سین حذف




