کراچی (اوصاف نیوز)ڈمپر ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود اپنی ضمانت مسترد ہونے پر ہفتے کو سیشن کورٹ کی عمارت سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، سیشن کورٹ نے ہنگامہ آرائی کے ایک مقدمے میں ان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
قومی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق لیاقت محسود اور ان کے دیگر ساتھیوں کے خلاف ایک مقدمہ درج ہے، جو 3 سے 4 نومبر کی درمیانی شب نِشتر روڈ کے علاقے میں ایک ڈمپر کے حادثے کے خلاف احتجاج کرنے والے افراد پر فائرنگ سے متعلق ہے، اگلے دن، مشتبہ شخص نے عدالت سے عبوری پیشگی ضمانت حاصل کی تھی۔
ہفتے کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (جنوبی) ارشاد حسین نے پیشگی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی اور دونوں فریقین کی سماعت اور ریکارڈ کا معائنہ کرنے کے بعد ان کی عبوری ضمانت بھی منسوخ کر دی۔
عدالت نے مشاہدہ کیا کہ درخواست گزار کے گارڈ کی جانب سے لوگوں پر بلا امتیاز فائرنگ کا عمل دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے اور یہ کیس صرف انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ہی سنا جانا چاہیے۔مشتبہ شخص عدالت میں پیش ہوا اور جیسے ہی حکم سنایا گیا، وہ عدالت کی حدود سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
مزید پڑھیں: ووٹنگ کے دوران لڑائی ،پولنگ روکنا پڑ گئی
