Search
Close this search box.
اتوار ,14 جون ,2026ء

بھٹہ مالکان کی منافع خوری،اینٹوں کی قیمتوں میں اضافہ

فیصل آباد (اوصاف نیوز)ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہ کے باعث اینٹوں کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے ۔

ڈپٹی کمشنر جھنگ نے قیمتوں کا تعین کرکے اطلاق کے لیے نوٹیفکیشن جاری کردیا، مگر فیصل آباد میں اس اہم معاملے پر کوئی توجہ نہیں دی جاسکی۔ فیصل آباد میں ایک ہزار اول اینٹ 21 ہزار روپے میں فروخت ہو رہی ہے ۔ دیگر اشیائے ضرورت کی طرح تعمیراتی سامان، یعنی سیمنٹ اور اینٹ کی بھی سرکاری قیمت طے کی جاتی ہے کیونکہ یہ بھی عوامی ضرورت کی بنیادی اشیا میں شامل ہیں۔

اس کے باوجود فیصل آباد میں بھٹہ مالکان کو کھلی چھوٹ حاصل ہے کہ وہ جس قیمت پر چاہیں اینٹیں فروخت کریں۔ اسی صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھٹہ مالکان نے قیمتوں کے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔ ایک ہزار اول اینٹ 21 ہزار جبکہ دوم اینٹ 18 ہزار روپے میں دستیاب ہے ۔تعمیراتی سامان مہنگا ہونے کے باعث غریب عوام کے لیے اپنی چھت بنانا مشکل ہو چکا ہے جبکہ بااثر بھٹہ مالکان ناجائز منافع خوری سے شہریوں کا استحصال کر رہے ہیں۔

فیصل آباد میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نہ تو اینٹوں کی قیمتوں کا تعین کیا گیا ہے ، نہ اطلاق کے حوالے سے کوئی لائحہ عمل دیا گیا ہے اور نہ ہی شکایات درج کروانے کا کوئی طریقہ واضح کیا گیا ہے ۔

دوسری جانب جھنگ میں ڈپٹی کمشنر نے عوامی شکایات پر بڑا فیصلہ کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے ، جس کے مطابق اول اینٹ کی قیمت 9 ہزار روپے ، دوم اینٹ 6 ہزار روپے اور ٹائل کی قیمت بھی 9 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے ۔

تمام بھٹہ مالکان کو انہی قیمتوں پر فروخت کا پابند بنایا گیا ہے ، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ نوٹیفکیشن تمام ایڈیشنل کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ایس پیز اور پولیس

تھانوں کو بھجوا دیا گیا ہے ۔شہریوں نے کمشنر راجہ جہانگیر انور اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر سے مطالبہ کیا ہے کہ فیصل آباد میں بھی اینٹوں کی قیمت کا تعین اور اس کا فوری اطلاق یقینی بنایا جائے ۔
مزید پڑھیں:HBLکی بڑی آفر، سود سے پاک قرض، آسان اقساط کے ساتھ

یہ بھی پڑھیں