اسلام آباد (اوصاف نیوز) وفاقی حکومت نے استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد سے متعلق سکیموں کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے قوانین کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں ذاتی سامان، گفٹ سکیم اور دیگر درآمدی طریقہ کار کی جانچ پڑتال کو مزید سخت کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پرسنل بیگیج اینڈ گفٹ سکیم کے تحت گاڑیوں کی درآمد سے متعلق اہم فیصلہ آج اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) میں متوقع ہے۔ ای سی سی نے 24 اکتوبر کو اس سمری پر مزید غور کرنے کی ہدایت کی تھی تاہم آج اس کی منظوری کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرسنل بیگیج اینڈ گفٹ سکیم کے تحت گاڑیاں منگوانے کے قوانین اور طریقہ کار کو مزید سخت کیا جائے گا اور ان سکیموں کے غلط استعمال کو مؤثر طریقے سے روکا جائے گا۔ رہائش کی منتقلی کے تحت گاڑیوں کی درآمد کو بھی سختی سے چیک کیا جائے گا۔
نئی درآمدی پالیسی میں وفاقی حکومت غیر معیاری استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد کی حوصلہ شکنی کرے گی۔ وزارت تجارت کی سمری آج ای سی سی کے اجلاس میں پیش کی جائے گی جس کی منظوری کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں:عمران خان سے ملاقات کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں،شوکت بسرا




