مظفرآباد(نیوز ڈیسک)آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن سے اہم سیاسی تبدیلیاں سامنے آئی ہیں۔ 13 حلقوں میں سے 12 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہو چکے ہیں جن میں کئی بڑے اپ سیٹ دیکھنے میں آئے ہیں۔
حلقہ ایل اے 6 سماہنی میں ووٹ جلانے کے واقعے کے باعث حتمی نتیجہ تاحال جاری نہیں کیا گیا تاہم مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری محمد رزاق واضح برتری پر ہیں جس کے باعث اس نشست کو بھی مسلم لیگ (ن) کے حق میں تصور کیا جا رہا ہے۔
اب تک سامنے آنے والے نتائج کے مطابق 13 میں سے 9 نشستوں پر مسلم لیگ (ن) جبکہ 4 نشستوں پر پاکستان پیپلز پارٹی کامیابی حاصل کر چکی ہے۔
انتخابات میں کئی اہم سیاسی شخصیات کو غیر متوقع شکست کا سامنا کرنا پڑا جن میں سابق وزیراعظم چوہدری انوار الحق، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین (اپنی آبائی نشست چڑہوئی سے) اور سابق وزیر حکومت جاوید اقبال بڈھانوی شامل ہیں۔
پانچ نئے امیدوار پہلی بار اسمبلی پہنچ گئے
ان انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے پانچ امیدوار پہلی مرتبہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہونے میں کامیاب ہوئے۔ ان میں:
راجہ محمد ریاست خان (چڑہوئی)
سردار عمیر نعیم (نکیال)
راجہ آصف (سہنسہ)
راجہ ایاز نثار (کھوئی رٹہ)
چوہدری محمد رزاق (سماہنی)
شامل ہیں۔
چڑہوئی میں بڑا سیاسی اپ سیٹ
حلقہ چڑہوئی میں مسلسل کامیابی حاصل کرنے والے پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری محمد یاسین کو مسلم لیگ (ن) کے راجہ محمد ریاست خان نے شکست دے دی۔ اس حلقے میں پیپلز پارٹی نے انتخابی دھاندلی کے الزامات بھی عائد کیے ہیں۔
نکیال میں بڈھانوی کو غیر متوقع شکست
حلقہ نکیال میں مسلم لیگ (ن) کے سردار عمیر نعیم نے سابق وزیر حکومت جاوید اقبال بڈھانوی کو شکست دے کر بڑا سیاسی اپ سیٹ کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ ایک بار پھر یہ نشست سردار سکندر حیات کے خاندان کے پاس چلی گئی کیونکہ سردار عمیر نعیم ان کے بھتیجے ہیں۔
سہنسہ اور کھوئی رٹہ میں بھی نئی قیادت کامیاب
حلقہ سہنسہ میں سابق وزیر حکومت راجہ نصیر خان مرحوم کے بھتیجے راجہ آصف نے پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری اخلاق کو شکست دی۔
اسی طرح کھوئی رٹہ میں سابق وزیر حکومت راجہ نثار خان کے صاحبزادے راجہ ایاز نثار نے آئی پی پی کے انصر ابدالی اور پیپلز پارٹی کے ولید انقلابی کو شکست دے کر پہلی بار اسمبلی تک رسائی حاصل کی۔
سماہنی میں تین بار کے فاتح امیدوار کو دھچکا
حلقہ سماہنی میں مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد رزاق نے استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار علی شان سونی کو واضح برتری حاصل کر رکھی ہے۔ علی شان سونی گزشتہ تین انتخابات میں مسلسل کامیاب ہوتے رہے تھے تاہم اس بار انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان حلقے کا حتمی نتیجہ ووٹ جلانے کے واقعے کے باعث تاحال جاری نہیں کیا گیا۔
مزید پڑھیں۔29 جولائی کو تعطیل کا اعلان ، تمام دفاتر بند رہیں گے


