Search
Close this search box.
جمعه ,05 جون ,2026ء

انڈر 19 ایشیا کپ:پاکستانی کھلاڑی سمیر منہاس نے تاریخ رقم کردی

(اوصاف نیوز)گزشتہ روز انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان نے ملائیشیا کو 297 رنز سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کردیا، میچ میں سمیر منہاس نے 177 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر انڈر 19 ایشیا کپ میں انفرادی سکور کا نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

پاکستان کے سمیر منہاس نے 177 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی جس میں 8 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔ کپتان فرحان یوسف 8 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے تھے، منہاس نے اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور بنانے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارت کے ویبھاو سوریہ ونشی کے پاس تھا، جنہوں نے اسی دن اور اسی شہر میں متحدہ عرب امارات کے خلاف 171 رنز بنائے تھے۔

یہ اننگز پاکستانی کرکٹ کے لیے بھی خاص اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ یہ یوتھ ون ڈے انٹرنیشنل میں کسی بھی پاکستانی بلے باز کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ اس کے علاوہ منہاس کا 177 رنز کا اسکور مجموعی طور پر یوتھ ون ڈے انٹرنیشنلز کی تاریخ کا مشترکہ طور پر پانچواں بڑا اسکور بھی بن گیا ہے۔

یوتھ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے بڑا انفرادی اسکور کا عالمی ریکارڈ جنوبی افریقہ کے جوریچ وان شالک وک کے پاس ہے، جنہوں نے رواں سال زمبابوے کے خلاف 215 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

منہاس کی یہ شاندار کارکردگی نہ صرف ان کے روشن مستقبل کی عکاس ہے بلکہ پاکستانی نوجوان کرکٹ کے لیے بھی ایک خوش آئند اشارہ سمجھی جا رہی ہے۔ شائقین کرکٹ کو امید ہے کہ وہ آئندہ بھی اسی تسلسل کے ساتھ ٹیم کے لیے بہترین پرفارمنس پیش کریں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز دبئی میں کھیلے گروپ اے کے میچ میں ملائیشین ٹیم 346 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 48 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، پاکستان ٹیم ایونٹ میں اپنا اگلا میچ 14 دسمبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی۔
مزید پڑھیں:پشاور ہائیکورٹ نے افغان طالبہ بارے اہم حکم جاری کر دیا

یہ بھی پڑھیں