واشنگٹن(اوصاف نیوز)امریکی فضائی کمپنی یونائیٹڈ ایئر لائنز کے ایک بوئنگ 777 طیارے کو انجن فیل ہونے کی وجہ سے واپس ڈلس ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ مسافر طیارہ سنیچر کی دوپہر ٹوکیو جا رہا تھا کہ اس کا انجن فیل ہو گیا, اس واقعے میں رن وے کے قریب جھاڑیوں میں آگ بھی لگ گئی تھی جسے بعد میں بجھا دیا گیا۔
طیارے میں سوار 275 مسافروں اور عملے کے 15 ارکان میں سے کوئی بھی زخمی نہیں ہوا جبکہ طیارے نے بحفاظت ہنگامی لینڈنگ کی۔
ایئر لائن نے ایک بیان میں کہا کہ ’ٹیک آف کے تھوڑی دیر بعد یونائیٹڈ کی پرواز 803 واشنگٹن ڈلس واپس آ گئی اور اپنے ایک انجن میں بجلی کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے بحفاظت اتر گئی۔‘
یہ انجن اس وقت فیل ہوا جب 777-200ER ماڈل کا یہ طیارہ سنیچر کی دوپہر قریباً 12 بج کر 20 منٹ پر ٹوکیو کے ہنیدا ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوا تھا، انجن کے کور کا ایک ٹکڑا الگ ہو گیا اور اس میں آگ لگ گئی، جس سے زمین پر جھاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔‘
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے کہا ہے کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کرے گی۔
ایئرلائیو سائٹ کی جانب سے فراہم کردہ رجسٹریشن کی معلومات کے مطابق یہ 777 طیارہ نومبر 1998 میں کانٹینینٹل ایئر لائنز کو فراہم کیا گیا تھا جسے بعد میں یونائیٹڈ ایئر لائنز نے لے لیا تھا۔
مزید پڑھیں:عمران خان کو قید تنہائی کو بلاتاخیر اٹھایا جانا چاہی :اقوام متحدہ کا اہم بیان


