Search
Close this search box.
جمعه ,17 جولائی ,2026ء

آئی سی سی کا بڑا ایکشن،محمد نواز کے معاملے پر اہم پیش رفت

آئی سی سی کا بڑا ایکشن،محمد نواز کے معاملے پر اہم پیش رفت

دبئی (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد نواز کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر سزا دی گئی ہے۔ آئی سی سی نے جمعہ کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ 32 سالہ کرکٹر کے ڈوپ ٹیسٹ میں ممنوعہ مادہ کاربوکسی ٹی ایچ سی پایا گیا، جس کے بعد ان کے خلاف اینٹی ڈوپنگ قوانین کے تحت کارروائی کی گئی۔

آئی سی سی کے مطابق محمد نواز کا ڈوپ ٹیسٹ کولمبو میں پاکستان اور ہالینڈ کے درمیان کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ کے بعد کیا گیا تھا، ٹیسٹ کے نتائج میں ممنوعہ چیز کی موجودگی کے انکشاف کے بعد معاملے کی تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔

اس سے قبل اپریل میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے محمد نواز کی میڈیکل ہسٹری آئی سی سی کو بھیجی تھی، جب یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ وہ سری لنکا اور بھارت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران کیے گئے ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام رہے تھے۔

آئی سی سی نے ایک بیان میں کہا کہ محمد نواز نے اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کا اعتراف کیا ہے اور یہ بھی ثابت کیا ہے کہ ممنوعہ مادہ مقابلے سے باہر استعمال کیا گیا تھا اور اس کا کھیل میں کارکردگی بڑھانے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

آئی سی سی کے مطابق محمد نواز پر ابتدائی طور پر تین ماہ کی نااہلی عائد کی گئی تھی تاہم سزا کا اطلاق یکم مئی سے ہونا سمجھا گیا کیونکہ انہوں نے رضاکارانہ طور پر اس تاریخ سے عارضی معطلی قبول کی تھی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ محمد نواز نے منشیات کے استعمال سے متعلق بحالی کے پروگرام میں شامل ہونے پر رضامندی ظاہر کی جس کے باعث ان کی نااہلی کی مدت تین ماہ سے کم کر کے ایک ماہ کر دی گئی۔

آئی سی سی کے مطابق چونکہ محمد نواز ڈھائی ماہ سے زائد عرصے سے عارضی معطلی کاٹ چکے ہیں، اس لیے ان کی معطلی اٹھا لی گئی ہے۔ کرکٹ بورڈ نے کہا کہ اگر محمد نواز آئی سی سی کے اطمینان کے مطابق علاج اور بحالی کا پروگرام مکمل کرتے ہیں تو انہیں مزید نااہلی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

تاہم اینٹی ڈوپنگ قوانین کے مطابق ہالینڈ کے خلاف میچ میں محمد نواز کی کارکردگی اور اس کے بعد یکم مئی تک کھیلے گئے تمام میچز بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں اس سے قبل بھی کئی کھلاڑی ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام ہو چکے ہیں۔

فاسٹ باؤلرز شعیب اختر اور محمد آصف کو بھی 2006 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل ڈرگ ٹیسٹ میں ناکامی پر بالترتیب دو سال اور ایک سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ سابق لیگ اسپنر یاسر شاہ پر 2015 میں ڈوپ ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد تین ماہ کی پابندی عائد کی گئی تھی۔
مزید پڑھیں‌:پی ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ،شدید بارشوں کی پیشگوئی

یہ بھی پڑھیں