Search
Close this search box.
جمعه ,17 جولائی ,2026ء

بڑی خبر،کاسپرسکی کا خطرناک فشنگ حملے سے متعلق بڑا انکشاف

بڑی خبر،کاسپرسکی کا خطرناک فشنگ حملے سے متعلق بڑا انکشاف

اسلام آباد( نیوز ڈیسک)عالمی سائبر سیکیورٹی کمپنی کاسپرسکی نے یورپ، ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک میں مینوفیکچرنگ کمپنیوں کو نشانہ بنانے والی ایک خطرناک فشنگ مہم کا انکشاف کیا ہے، جس کا مقصد کارپوریٹ ای میلز اور حساس معلومات چوری کرنا ہے۔

کاسپرسکی کے مطابق یہ مہم اپریل 2026 میں شروع ہوئی تھی اور اب بھی جاری ہے۔ حملہ آور انگریزی زبان میں ای میلز بھیجتے ہیں جو بظاہر کسی ممکنہ خریدار کی جانب سے مصنوعات کی قیمت، دستیابی یا دیگر تفصیلات جاننے کے لیے ارسال کی جاتی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اگر کمپنی کا نمائندہ ای میل کا جواب دیتا ہے تو اسے مصنوعات کی تکنیکی تفصیلات پر مشتمل فائل ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے ایک لنک بھیجا جاتا ہے۔ اس لنک پر کلک کرنے کے بعد صارف کو ایک جعلی ویب صفحے پر منتقل کیا جاتا ہے جو معروف کلاؤڈ پی ڈی ایف سروس جیسا دکھائی دیتا ہے۔

اس کے بعد صارف سے کارپوریٹ ای میل اور پاس ورڈ درج کرنے کا مطالبہ کیا جاتا ہے، جسے سیکیورٹی تصدیق کا حصہ ظاہر کیا جاتا ہے، جبکہ حقیقت میں یہ حملہ آوروں کی جانب سے حساس معلومات چوری کرنے کی کوشش ہوتی ہے۔

کاسپرسکی کے اینٹی اسپیم ماہر رومن ڈیڈینوک کا کہنا ہے کہ اسپیئر فشنگ حملے پہلے سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہو چکے ہیں۔ حملہ آور کمپنیوں کے بارے میں مکمل تحقیق کے بعد ان کے کاروباری ماحول کے مطابق جعلی کہانیاں تیار کرتے ہیں اور مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے فشنگ ای میلز اور دیگر حملوں کو مزید مؤثر بناتے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اداروں کو سائبر سیکیورٹی پر خصوصی توجہ دینی چاہیے، جدید حفاظتی ٹولز استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ ملازمین کی سائبر آگاہی بھی بڑھانی چاہیے تاکہ ایسے حملوں سے مؤثر انداز میں بچا جا سکے۔

کاسپرسکی نے سفارش کی ہے کہ ادارے محفوظ ای میل سرور سیکیورٹی حل استعمال کریں، سائبر خطرات سے متعلق تازہ معلومات حاصل کریں اور ملازمین کو باقاعدہ سائبر سیکیورٹی تربیت فراہم کریں تاکہ فشنگ، بزنس ای میل فراڈ (BEC)، اسپام اور دیگر آن لائن حملوں کا بروقت مقابلہ کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں‌:پاکستان آتے ہی ایک ماہ میں 6 ای چالان ہو گئے: صنم جنگ

یہ بھی پڑھیں