اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا میں 19 سے 23 جولائی تک موسلادھار بارش کا الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور تیز بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پہاڑی ندیوں اور نہروں میں طغیانی اور سیلاب کا خطرہ ہے، عوام غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، سوات اور ایبٹ آباد میں شہری سیلاب کا امکان ہے۔
تیز ہوا اور بجلی کمزور مکانوں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور فصلوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ سمیت تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے .
پی ڈی ایم اے نے حساس علاقوں میں ہنگامی مشینری، امدادی سامان اور ریسکیو ٹیموں کی پیشگی تعیناتی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیاح موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ضروری سفر اور دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔ کسانوں اور مویشی پالنے والے اپنے جانوروں کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ عوام سے اپیل ہے کہ بارش کے دوران سیلابی سڑکوں، پلوں اور برساتی نالوں کو عبور نہ کریں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں عوام فوری طور پر PDMA کی ٹول فری ہیلپ لائن 1700 پر اطلاع دیں۔
مزید پڑھیں:وزیراعظم کا اپنی کابینہ میں بڑے ردوبدل کا فیصلہ،اہم تبدیلیاں متوقع


