Search
Close this search box.
هفته ,18 جولائی ,2026ء

ایران سے بڑی خبر،تہران میں ٹرمپ کے خلاف دیوہیکل بل بورڈ نے ہلچل مچا دی

ایران سے بڑی خبر،تہران میں ٹرمپ کے خلاف دیوہیکل بل بورڈ نے ہلچل مچا دی

تہران( انٹرنیشنل ڈیسک)‌ ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایران کے دارالحکومت تہران میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف متنازع بل بورڈز آویزاں کر دیے گئے ہیں، جنہوں نے ایک نئی سفارتی بحث چھیڑ دی ہے۔

عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق تہران کے مرکزی علاقے انقلاب اسکوائر سمیت شہر کی مختلف شاہراہوں اور اہم مقامات پر نصب کیے گئے ان بل بورڈز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کھلے تابوت میں لیٹے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ بعض بینرز پر انگریزی اور فارسی زبان میں سخت اور دھمکی آمیز نعرے درج ہیں، جبکہ کچھ تصاویر میں ٹرمپ، ان کی اہلیہ اور بچوں کو امریکی پرچم میں لپٹے تابوتوں کے ساتھ بھی دکھایا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بعض مقامات پر ایک علامتی مجسمہ بھی نصب کیا گیا ہے جس میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کی مٹھی کو طاقت اور مزاحمت کی علامت کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ ہفتوں میں تناؤ میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ایران کے نئے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے والد کی ہلاکت کے بعد جاری بیان میں کہا تھا کہ ایران سابق رہبر کی موت کا بدلہ ضرور لے گا، چاہے اس کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی کیوں نہ دینی پڑے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی سخت ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اگر انہیں نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تو امریکی فوج ایران کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی کرے گی۔

امریکی میڈیا، جن میں وال اسٹریٹ جرنل بھی شامل ہے، نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیل نے واشنگٹن کو ایسی خفیہ معلومات فراہم کی ہیں جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران نے مبینہ طور پر ٹرمپ کو نشانہ بنانے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔

ادھر ایران میں سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات کے دوران بھی بڑی تعداد میں ایسے بینرز دیکھے گئے تھے جن پر امریکی صدر کے خلاف سخت نعرے درج تھے۔

ایران کی جانب سے سامنے آنے والے بیانات، متنازع بل بورڈز اور امریکا کی سخت وارننگ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے موجود کشیدگی مزید شدت اختیار کر گئی ہے، جبکہ عالمی برادری خطے کی بدلتی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
مزید پڑھیں‌:بڑی خبر، آزاد کشمیر انتخابات کے معاملے پر الیکشن کمیشن کی وضاحت جاری

یہ بھی پڑھیں