اسلام آباد(اوصاف نیوز) وزیر مملکت رانا احسان افضل نے تنخواہ دار طبقے کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال ریلیف دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت رانا احسان افضل نے اپنے بیان میں کہا کہ سرمایہ کاری کے لیے سیکیورٹی سب سے اہم عنصر ہے، جن علاقوں میں سیکیورٹی بہتر ہوگی وہاں سرمایہ کاری خود بخود آئے گی۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان مشکل معاشی صورتحال سے نکل آیا ہے، ایک وقت تھا جب دیوالیہ ہونے کی باتیں ہو رہی تھیں ، اگرچہ ملک کو اب بھی مختلف چیلنجز درپیش ہیں لیکن سرمایہ کاری کے لیے راہ ہموار ہو چکی ہے۔
رانا احسان نے بتایا کہ حکومت نے مختلف شعبوں میں اصلاحات کی ہیں اور ٹیکس بیس کو بہتر بنایا ہے، ٹیکس دینے والوں کی تعداد میں 30 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ ملازمت پیشہ افراد پر ٹیکس کم کرنے کی ضرورت ہے اور آئندہ سال تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دیا جائے گا، جبکہ بجلی کی قیمتوں میں بھی کمی کی گئی ہے۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ ڈسکوز کی نجکاری کا عمل جلد شروع ہوگا اور اس کے لیے بڈنگ کی جائے گی، کوئی جادوگر بھی ہو تو چٹکی میں چیزیں درست نہیں ہو سکتیں، معیشت کی بہتری کے لیے وقت درکار ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سالوں کی نسبت ایم این ایز کو دیے جانے والے فنڈز میں کمی کی گئی ہے، حکومت درست معاشی سمت میں چل رہی ہے اور موجودہ مدت کے دوران اصلاحات کے نتائج آنا شروع ہو جائیں گے۔
مزید پڑھیں:سعودی عرب: کونسے علاقے جمعرات تک بارش کی زد میں رہیں گے؟




