لاہور (اوصاف نیوز) ملک بھر میں برائلر مرغی اور انڈوں کی قیمتوں میں اضافہ جاری ہے جس سے عام شہریوں کی غذائی ضروریات پر بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ایک دن کے دوران برائلر گوشت کی قیمت میں 22 روپے فی کلو کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد اس کی قیمت 519 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔
گزشتہ پیر سے بدھ تک برائلر گوشت کی قیمت میں مجموعی طور پر 44 روپے فی کلو کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مارکیٹ میں زندہ برائلرز کا فارم ریٹ 330 روپے، تھوک میںفی درجن قیمت 344 روپے اور پرچون میںفی درجن قیمت 358 روپے ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب فارمی انڈوں کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ گزشتہ چند دنوں میں 2 روپے کے اضافے کے بعد اب فارمی انڈے 361 روپے فی درجن میں فروخت ہو رہے ہیں۔
پولٹری ایسوسی ایشن کے مطابق مرغی اور انڈوں کی قیمتوں میں اضافہ خوراک کی بڑھتی ہوئی طلب اور پیداواری لاگت میں اضافے کے باعث ہوا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں مسلسل اضافے سے عوام کی قوت خرید پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں جس کے باعث روزمرہ کی اشیائے خوردونوش مہنگی ہو رہی ہیں۔ حکومت نے فوری اقدامات نہ کیے تو قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں اور صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
مزید پڑھیں:سعودی عرب کے مشرقی ریجن میں زلزلہ




