Search
Close this search box.
هفته ,06 جون ,2026ء

پی آئی اے کی نجکاری ، بولی میں حصہ لینے والی کمپنیاں کون سی ہیں؟

کراچی (اوصاف نیوز) حکومت پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے) کی نجکاری کا فیصلہ کن مرحلہ مکمل کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

نجکاری کمیشن کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری کے لیے بولیاں 23 دسمبر (منگل) کو طلب کی جائیں گی جب کہ عمل کو شفاف بنانے کے لیے بولی کی افتتاحی تقریب ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر کی جائے گی۔

نجکاری کمیشن کے جاری کردہ پروگرام کے مطابق بولیاں صبح 10:45 سے 11:15 تک جمع کرائی جائیں گی، جب کہ انہیں سہ پہر 3:30 بجے کھولا جائے گا۔ اس مرحلے پر 3 بولی دہندگان مقابلے میں ہیں۔ پہلے کنسورشیم میں لکی سیمنٹ، حب پاور ہولڈنگز، کوہاٹ سیمنٹ اور میٹرو وینچرز شامل ہیں۔

دوسرے کنسورشیم میں عارف حبیب کارپوریشن، فاطمہ فرٹیلائزرز، سٹی سکولز اور لیک سٹی ہولڈنگز شامل ہیں جبکہ تیسری بولی ایئر بلیو پرائیویٹ لمیٹڈ جمع کرائے گی۔

نجکاری کمیشن کے چیئرمین اور وزیراعظم کے مشیر محمد علی کے مطابق فوجی فرٹیلائزر کمپنی نے بولی کے عمل سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بولیاں جمع ہونے کے بعد کمیشن کا بورڈ حوالہ قیمت طے کرے گا جس کی منظوری کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کرے گی۔

معاہدے کے تحت پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز فروخت کیے جائیں گے جس میں سے 92.5 فیصد پی آئی اے اور 7.5 فیصد قومی خزانے میں جائیں گے۔ حکومت 25 فیصد حصص اپنے پاس رکھے گی، جسے کامیاب بولی دینے والے کے پاس بعد میں خریدنے یا حکومت کے پاس چھوڑنے کا اختیار ہوگا۔

محمد علی کے مطابق پی آئی اے کی بحالی سے معیشت اور جی ڈی پی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر انتظام، سرمایہ کاری اور نجی شعبے کی شراکت سے پی آئی اے اپنے عروج پر واپس آسکتی ہے۔
مزید پڑھیں‌:سام سنگ کا فولڈ اسمارٹ فون ٹیکنالوجی مارکیٹ میں دھوم مچا گیا

یہ بھی پڑھیں