اسلام آباد(اوصاف نیوز)ٹریفک قوانین پر عمل در آمد کروانے کے لئے ٹریفک پولیس کی جانب سے جہاں سخت پابندیاں عائد کی گئیں ہیں وہیں پنجاب حکومت نے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کو بڑا ریلیف بھی دے دیا ہے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے صوبہ بھر کے ڈرائیونگ لائسنسنگ سینٹرز کے اوقات کار میں اضافہ کر دیا گیا ، صوبائی دارالحکومت لاہور، راولپنڈی اور ملتان سمیت بڑے صوبے کے تمام بڑے شہروں میں ڈرائیونگ لائسنسنگ سینٹرز کا دورانیہ 24 گھنٹے کر دیا گیا۔
چھوٹے شہروں میں بھی اوقات کار تبدیل کئے گئے ہیں، ان شہروں میں ڈرائیونگ لائسنس سنٹرز صبح 8 سے رات 12 بجے تک کھلے رہیں گے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے لائسنسنگ سینٹرز کے اوقات کار میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری ڈرائیونگ لائسنس بنوا کر جرمانوں سے بچ سکیں۔
شہریوں نے حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے ڈرائیونگ لائسنس سینٹرز کے اوقات کار میں اضافے سے بڑی سہولت میسر آئے گی اور خواہشمند کسی بھی وقت جاکر اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوا سکیں گے۔
دوسری جانب پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے یا تجدید کروانے والے شہریوں کے لیےڈرائیونگ لائسنس انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم( ڈی ایل آئی ایم ایس )نے آفیشل فیس کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
پہلی بار لائسنس حاصل کرنے کی فیس صرف 400 روپے ہے جبکہ تجدید پر 200 روپے ہی ادا کرنا ہوں گے جبکہ کار یا جیپ کے لائسنس کے خواہشمند افراد کے لیے لائسنس کی فیس ایک ہزار 350 روپے مقرر کی گئی ہے اور تجدید پر 675 روپے ادا کرنا ہوں گے۔
اسی طرح لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکل یا تجارتی گاڑیوں کے لائسنس کی فیس تھوڑی زیادہ رکھی گئی ہے، پہلی بار لائسنس جاری کرنے کی فیس 2 ہزار 480 روپے جبکہ تجدید پر ایک ہزار 240 روپے ہے۔
مزید پڑھیں:پیپلزپارٹی کے اہم رہنما بسم اللہ خان کاکٹر انتقال کرگئے




