اسلام آباد (اوصا ف نیوز )وزیراعظم شہباز شریف نے پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز کی نجکاری کے حوالے سے کامیاب بڈنگ کے انعقاد پر اظہار تشکر اور قوم کو مبارکباددی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اقتدار سنبھالنے پر قوم سے وعدہ کیا تھا کہ ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ پی آئی اے کی نجکاری کا یہ عمل اس حوالے سے انتہائی اہم سنگ میل ہے ۔
انہوں نے کہا کہ الحمدللہ بولی کا عمل انتہائی شفاف رہا۔معیشت کو مزید مستحکم کرنے میں پی آئی اے اور دیگر ریاستی
ملکیتی اداروں کی نجکاری اہم کردار ادا کرے گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ملکی معیشت پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے، پی آئی اے کی نجکاری اس بات کا ثبوت ہے۔ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام ریاستی اداروں کے تعاون سے ملکی معیشت مستحکم ہو رہی ہے ۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف مشیر برائے نجکاری محمد علی، نجکاری کمیشن اور دیگر متعلقہ افراد کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ نجی شعبے کے اشتراک سے ملک کی ترقی و خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے پر عزم ہیں۔
مزید پڑھیں:مسجدِ نبویﷺ کے مؤذن انتقال کرگئے، آخری اذان کی ویڈیو




