اسلام آباد (اوصاف نیوز)اسلام آباد کی عدالت نے 9 مئی کے واقعات سمیت دیگر پانچ مقدمات میں بانی پاکستان تحریکِ انصاف اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بڑی قانونی ریلیف فراہم کرتے ہوئے 27 جنوری تک گرفتاری سے روک دیا ہے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے ان مقدمات پر سماعت کی، جس دوران عدالت نے واضح کیا کہ آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کو عدالت میں ذاتی طور پر یا ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونا ہوگا۔ عدالت نے اس بات کو بھی ریکارڈ پر لایا کہ ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر آج دلائل نہیں دیے جا سکے۔
سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے ایڈووکیٹ شمسہ کیانی عدالت میں پیش ہوئیں۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی عدم دستیابی کے باعث ضمانت کی درخواستوں پر تفصیلی دلائل ممکن نہیں ہو سکے، جس پر عدالت نے سماعت 27 جنوری تک ملتوی کر دی۔
عدالتی حکم کے مطابق اس دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو متعلقہ مقدمات میں گرفتار نہیں کیا جائے گا، تاہم اگلی سماعت پر پیشی کو یقینی بنانا لازم ہوگا۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی کے واقعات، اقدامِ قتل، جعلی رسیدوں سمیت مختلف نوعیت کے مقدمات درج ہیں، جبکہ بشریٰ بی بی پر مبینہ طور پر جعلی رسیدیں جمع کروانے کے الزام میں مقدمہ قائم ہے۔ عدالت آئندہ سماعت پر ضمانت کی درخواستوں پر تفصیلی غور کرے گی۔
مزید پڑھیں:امریکا نے ورک ویزا دینے کا نیا طریقہ متعارف کرا دیا




