شام (اوصاف نیوز) شام کے شہر حمص میں نماز جمعہ کے دوران مسجد میں دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔
دمشق سے عرب میڈیا کے مطابق دھماکے کا ہدف حمص شہر کے وادی الذہب میں واقع امام علی ابن ابی طالب کی مسجد تھی۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کے مطابق دھماکا نماز جمعہ کے فوراً بعد ہوا۔ عرب ٹی وی کے مطابق لوگوں کو خوف کے عالم میں مسجد کی مرکزی عبادت گاہ سے بھاگتے ہوئے دیکھا گیا۔
دھماکے کے بعد دیواروں میں بڑے سوراخ رہ گئے۔ مقامی لوگوں نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ دھماکا ممکنہ طور پر کسی خودکش بمبار نے کیا یا پھر دھماکہ خیز مواد وہاں رکھا گیا تھا۔
سرکاری میڈیا کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں تاہم کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
مزید پڑھیں:برطانوی ہائی کمشنر کو ڈیمارش، دھمکیوں میں ملوث عناصر کے خلاف فوری ایکشن کا مطالبہ
