پشاور(اوصاف نیوز) خیبرپختونخوا میں پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی (PSRA) نے نجی اسکولوں پر موسم سرما کی تعطیلات کے دوران امتحانات کے انعقاد پر پابندی عائد کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق 26 دسمبر کو جاری ہونے والے ایک باضابطہ نوٹیفکیشن میں اتھارٹی نے کہا کہ دیکھا گیا ہے کہ کچھ نجی اسکولوں نے موسم سرما کی تعطیلات کے دوران امتحانی شیڈول کا اعلان کیا تھا جو کہ دی گئی ہدایات کی خلاف ورزی ہے۔ پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی نے تمام پرائیویٹ سکولوں کو ہدایت کی کہ وہ اس دوران ہونے والے امتحانات فوری طور پر منسوخ کر دیں۔
نوٹیفکیشن میں متنبہ کیا گیا ہے کہ احکامات کی تعمیل نہ کرنے کی صورت میں پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی ایکٹ 2017 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اتھارٹی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کسی بھی نجی اسکول یا انسٹی ٹیوٹ کو موسم سرما کی تعطیلات کے دوران امتحانات منعقد کرنے کی اجازت نہیں ہے اور اس بات پر زور دیا کہ پہلے جاری کردہ تمام رہنما خطوط پر بغیر کسی رعایت کے عمل کیا جائے۔
مزید پڑھیں:نئی الیکٹرک بائیک سکیم،وزیرتعلیم نے خوشخبری سنادی




