لاہور (اوصاف نیوز) پنجاب حکومت نے طلباء کے تحفظ کے لیے صوبے بھر میں خطرناک اور ناقابل استعمال سکولوں کی عمارتوں کی نشاندہی اور انہیں گرانے کے احکامات جاری کر دیئے۔
حکام کو سکولوں کی خستہ حال عمارتوں کو فوری طور پر خالی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جہاں تعلیمی سرگرمیاں بچوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں، سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کے تحت غیر محفوظ عمارتوں کی نشاندہی کا کام پہلے ہی مکمل کر لیا گیا ہے۔
صوبائی حکومت نے ڈپٹی کمشنرز اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز (تعلیم) کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی جانی نقصان کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام متعلقہ حکام کو الرٹ جاری کرتے ہوئے غیر محفوظ قرار دی گئی عمارتوں میں کلاسز معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔
حکام کو اسکول سیفٹی آڈٹ رپورٹ پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت بھی کی گئی ہے، حکومت نے خبردار کیا ہے کہ ہدایات پر عمل نہ کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
مزید پڑھیں:زہریلی چائے پینے سے 11 افرادہسپتال منتقل

