Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

کینیڈا میں تعلیم حاصل کرنے کا سنہری موقع، اپلائی کا طریقہ کار جانیے

اسلام آباد (اوصاف نیوز) کینیڈا کی لارینٹین یونیورسٹی نے مختلف تعلیمی پروگراموں میں ملکی اور غیر ملکی طلباء بالخصوص پاکستانیوں کے لیے وظائف کا اعلان کیا ہے۔

اے پی پی کے مطابق یہ وظائف انڈرگریجویٹ، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی سطح پر فراہم کیے جائیں گے، جس کا مقصد ہونہار اور محنتی طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق لارینٹین یونیورسٹی کی جانب سے انڈر گریجویٹ طلباء کے لیے وظائف کی کل مالیت 60 ہزار کینیڈین ڈالر رکھی گئی ہے جو کہ 15 ہزار ڈالر سالانہ کی شرح سے دی جائے گی اور تسلی بخش تعلیمی کارکردگی کی بنیاد پر قابل تجدید ہوگی۔

پوسٹ گریجویٹ طلباء کے لیے گریجویٹ ٹیچنگ اسسٹنٹ شپ اور مختلف فیلو شپس بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ ماسٹر پروگرام میں طلباء کو سالانہ 10,034 کینیڈین ڈالرز تک کی مالی امداد دی جا سکتی ہے، جبکہ 14,547 کینیڈین ڈالرز بطور معاون دیے جا سکتے ہیں۔ ماسٹرز کے طلبہ کے لیے اسکالرشپ کی مدت دو سال اور پی ایچ ڈی کے طلبہ کے لیے چار سال تک ہوگی۔

اہلیت:
اہلیت کے حوالے سے یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امیدواروں کو اپنے منتخب کردہ پروگرام کی تعلیمی اور فیکلٹی ضروریات کو پورا کرنا ہوگا۔ انڈرگریجویٹ سطح پر درخواست دینے والے طلباء کے لیے، پچھلا تعلیمی ریکارڈ بہترین ہونا چاہیے، جب کہ ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کے امیدواروں کے لیے، متعلقہ شعبے میں بیچلر ڈگری اور کم از کم 75 فیصد یا B+ گریڈ کی ضرورت ہوگی۔

کچھ پروگراموں میں سپروائزر کی منظوری کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق ان اسکالرشپس کے لیے IELTS لازمی نہیں ہے تاہم پروگرام کے مطابق زبان سے متعلق دیگر شرائط لاگو ہو سکتی ہیں۔ پاکستان سمیت دنیا کے تمام ممالک کے طلباء اس اسکیم کے اہل ہوں گے۔

اپلائی کرنے کا طریقہ:
اسکالرشپ کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 جون 2026 مقرر کی گئی ہے۔درخواست کے طریقہ کار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دلچسپی رکھنے والے طلبہ پہلے لارینٹین یونیورسٹی کے آن لائن پورٹل کے ذریعے اپنے منتخب پروگرام کے لیے درخواست دیں گے۔ داخلے کی پیشکش کو قبول کرنے کے بعد ویزا کی درخواست دی جا سکتی ہے۔

کامیاب امیدواروں کو ای میل کے ذریعے اسکالرشپ کے حوالے سے مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔ تعلیمی ماہرین کے مطابق لارینٹین یونیورسٹی کی جانب سے پیش کیے جانے والے یہ وظائف پاکستانیوں کے لیے کینیڈا میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا ایک سنہری موقع ہیں، جو نہ صرف مالی معاونت فراہم کریں گے بلکہ عالمی معیار کی تعلیم اور تحقیق تک رسائی بھی ممکن بنائیں گے۔
مزید پڑھیں‌:بنگلادیش ایئر لائن کی کراچی کے لیے پروازوں کا شیڈول جاری

یہ بھی پڑھیں