بنچول (اوصاف نیوز) افریقی ملک گیمبیا کے ساحل کے قریب تارکینِ وطن کی ایک کشتی الٹنے سے 39 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ 112 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب سینکڑوں تارکینِ وطن یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے۔
گیمبیا کے محکمہ دفاع کے مطابق بدقسمت کشتی میں 200 سے زائد افراد سوار تھے جو بہتر مستقبل کی تلاش میں بحیرۂ اوقیانوس کے ذریعے یورپ کا رخ کر رہے تھے۔ حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں نے کارروائی شروع کی اور درجنوں افراد کو پانی سے نکال لیا، تاہم 39 افراد جانبر نہ ہو سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کشتی میں سوار زیادہ تر مسافر مغربی افریقہ کے مختلف ممالک سے تعلق رکھتے تھے۔ زندہ بچ جانے والے مسافروں نے بتایا کہ کشتی انتہائی خستہ حال تھی اور اس میں گنجائش سے کہیں زیادہ افراد سوار تھے، جس کے باعث توازن بگڑنے پر کشتی الٹ گئی۔
حادثے کے بعد ساحلی علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جبکہ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ گیمبیا کے حکام نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی انسانی اسمگلنگ کے خلاف مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ افریقہ سے یورپ جانے کی کوشش میں اس طرح کے حادثات ماضی میں بھی پیش آتے رہے ہیں، جہاں غیر محفوظ اور خستہ حال کشتیوں کے ذریعے خطرناک سمندری راستہ اختیار کیا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں۔
مزید پڑھیں:راولپنڈی: دفعہ 144 میں ایک بار پھر توسیع


