اسلام آباد (اوصاف نیوز) وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر مس بولورما امگابازار سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے پاور سیکٹر میں جاری اور مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پاور سیکٹر میں ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری مختلف پراجیکٹس کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جبکہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور مستقبل کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔ وفاقی وزیر توانائی نے پاکستان میں بیٹری اسٹوریج سسٹم کے فروغ کے لیے ورلڈ بینک کے تعاون پر زور دیا اور کہا کہ بیٹری اسٹوریج سسٹم توانائی کے شعبے میں استحکام اور قابلِ تجدید توانائی کے مؤثر استعمال کے لیے نہایت اہم ہے۔
سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ بیٹری اسٹوریج سسٹم میں مقامی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ورلڈ بینک ایک اہم کردار ادا کر سکتا ہے، جس سے نہ صرف توانائی کی پیداوار میں بہتری آئے گی بلکہ ملک میں جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
وفاقی وزیر نے پاور سیکٹر میں ورلڈ بینک کی جانب سے فراہم کیے جانے والے تکنیکی تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل میں مزید منصوبوں اور تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں پائیدار اصلاحات کے لیے عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتی ہے۔
اس موقع پر ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر مس بولورما امگابازار نے پاکستان کے پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات کو سراہا اور کہا کہ ورلڈ بینک توانائی کے شعبے میں بہتری اور پائیدار ترقی کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ورلڈ بینک مستقبل میں بھی توانائی کے شعبے میں پاکستان کی معاونت کرتا رہے گا۔
مزید پڑھیں:گھر بیٹھے نادرا ریکارڈ میں تبدیلی کیسے کرائیں؟


