Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

امریکی ریاست میسی سپی کے شہر ویسٹ پوائنٹ میں مختلف مقامات پر ہونے والی فائرنگ سے6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں

ویسٹ پوائنٹ، میسی سپی (اوصاف نیوز) امریکی ریاست میسی سپی کے شہر ویسٹ پوائنٹ میں مختلف مقامات پر ہونے والی فائرنگ کے واقعات میں 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ واقعات کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے تین الگ الگ واقعات ویسٹ پوائنٹ کے مختلف علاقوں میں پیش آئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے پہلے ایک رہائشی علاقے میں فائرنگ کی، بعد ازاں دو مزید مقامات پر بھی لوگوں کو نشانہ بنایا۔ تینوں واقعات میں مجموعی طور پر 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

کاؤنٹی شیرف کے مطابق یہ واقعات ریاست الاباما کی سرحد کے قریب پیش آئے، جس کے باعث قریبی علاقوں میں بھی خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایمرجنسی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے تاکہ فائرنگ کے محرکات اور پس منظر کو معلوم کیا جا سکے۔ تاہم کاؤنٹی شیرف نے فی الحال واقعے کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں اور کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب فائرنگ کے واقعات کے بعد شہر میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے اور ہلاک ہونے والوں کی شناخت کے بعد لواحقین کو اطلاع دے دی گئی ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے اور شہریوں نے بڑھتے ہوئے تشدد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے سخت اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں:سردی میں اضافہ مگر سکول کھلے رہیں گے؛وزیر تعلیم سندھ کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا

یہ بھی پڑھیں