کوئٹہ (اوصاف نیوز)بلوچستان حکومت نے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی شدید کمی کو پورا کرنے کے لیے چار ہزار اساتذہ کی نئی بھرتیوں کا اعلان کر دیا ہے۔
صوبائی حکومت کے اکیڈمک ایکسیلنس پروگرام کے تحت یہ بھرتیاں عارضی بنیادوں پر کی جائیں گی۔ سیکریٹری تعلیم بلوچستان اسفندیار خان کاکڑ کے مطابق نئی بھرتیاں خاص طور پر انگریزی، ریاضی اور سائنس جیسے بنیادی مضامین میں خالی آسامیوں کو پُر کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں، جہاں صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں کو شدید قلت کا سامنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سرکاری اسکولوں میں ان اہم مضامین کے اساتذہ کی کمی اس وقت 70 سے 80 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے صوبائی حکومت نے چار ہزار اساتذہ کی بھرتی کی منظوری کے لیے سمری تیار کر لی ہے۔
سیکریٹری تعلیم کے مطابق یہ تقرریاں گریڈ 17 میں عارضی بنیادوں پر کی جائیں گی، جبکہ حکام کو توقع ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف تدریسی معیار میں بہتری آئے گی بلکہ سرکاری اسکولوں کے تعلیمی نتائج بھی بہتر ہوں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت نے حالیہ عرصے میں اساتذہ کی کمی یا غیر حاضری کے باعث بند پڑے ہزاروں غیر فعال اسکولوں کو دوبارہ فعال کیا ہے۔ ان کے مطابق نئی بھرتیوں کا یہ منصوبہ صوبے کے تعلیمی نظام کو مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔
مزید پڑھیں:وفاقی حکومت نے محمود اچکزئی کی بطور اپوزیشن لیڈر تعیناتی کی اسپیکر کو اجازت دیدی


