ریاض: سعودی عرب سیاحتی پیکج ویزا کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں سعودی حکومت نے پاکستان سمیت سات ممالک کے شہریوں کے لیے نئی آزمائشی (پائلٹ) سیاحتی پیکج ویزا سروس متعارف کرا دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد دنیا بھر سے مزید سیاحوں کو سعودی عرب کا سفر آسان بنانا اور سیاحت کے شعبے کو فروغ دینا ہے۔
سعودی وزیرِ سیاحت احمد الخطیب نے بتایا کہ وژن 2030 کے تحت مملکت میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے متعدد سہولتیں متعارف کرائی جا چکی ہیں۔ ان میں الیکٹرانک سیاحتی ویزا، آمد پر ویزا (Visa on Arrival)، ٹرانزٹ ویزا اور اب سعودی عرب سیاحتی پیکج ویزا بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں یہ نئی سہولت پاکستان، مصر، انڈونیشیا اور میکسیکو کے شہریوں کے لیے فراہم کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بھارت، بنگلادیش اور اردن کے شہری بھی اس پائلٹ پروگرام سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
سعودی حکام کے مطابق اس نئی ویزا سروس کے تحت منظور شدہ سیاحتی پیکج خریدنے والے درخواست گزاروں کو زیادہ سے زیادہ 48 گھنٹوں کے اندر ویزا جاری کر دیا جائے گا، جس سے درخواست کے عمل میں نمایاں آسانی آئے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سعودی عرب کے وژن 2030 کے اہداف کے مطابق سیاحت، سرمایہ کاری اور بین الاقوامی روابط کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ نئی ویزا سہولت سے پاکستانی شہریوں کے لیے بھی سعودی عرب کے مختلف تاریخی، ثقافتی اور سیاحتی مقامات تک رسائی مزید آسان ہونے کی توقع ہے۔
سعودی حکومت پہلے ہی مختلف اقسام کے ویزا نظام کو ڈیجیٹل بنا چکی ہے، جبکہ نئی سیاحتی پیکج ویزا اسکیم کو بھی مستقبل میں مزید ممالک تک توسیع دینے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔



